شبِ جمعہ، شبِ برات اور عیدین پر روحوں کے گھر آنے کے عقیدے کی شرعی حیثیت
سوال
یہ کہنا کہ ہر جمعرات کو روحیں گھر پر آتی ہیں یا یہ کہنا کہ ہر شب براءت او ر عیدین کے موقع پر روحیں گھر پر آتی ہیں ،اس کی کیا حقیقت ہے ؟
جواب
جمعرات کی شب یا دن کو یا شب براءت یا عیدین وغیرہ کے موقع پر روحوں کا اپنے گھر آنا یا چکر لگانا بے اصل اور من گھڑت عقیدہ ہے، کسی بھی صحیح حدیث سے ثابت نہیں ہے، اور نہ ہی اس پر کوئی شرعی دلیل موجود ہے۔
فتاوی دار العلوم دیوبند میں ہے:
’’بہت سے علماء کی زبانی سنا ہے کہ جمعرات کو روح اپنے اقرباء کے گھر آتی ہے اور ثواب کی امیدوار ہوتی ہے اور جمعہ کی نماز پڑھ کر واپس ہوتی ہے، یہ صحیح ہے یا نہیں؟
الجواب: یہ کچھ تحقیقی بات نہیں، فقط‘‘.
(کتاب الجنائزج:5،ص:315، ط: دار الاشاعت)
مزید تفصیل کے لیے درج ذیل لنک پر کلک کریں ؛
شب جمعہ، شب برات وغیرہ میں اہلِ قبور کی روحوں کے گھروں میں آنے کی حقیقت
فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

