بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

8 جمادى الاخرى 1448ھ 19 نومبر 2026 ء

دارالافتاء

 

کام کرنے والے شریک کے لیے نفع کا متعین فیصد، اور باقی نفع کو شرکاء میں سرمایہ کے حساب سے تقسیم کرنا

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ دو شرکاء باہم اشتراک سے کاروبار کرتے ہیں، جس میں ایک شریک سرمایہ دینے کے ساتھ کارِ کاروبار (محنت اور انتظام) کی پوری ذمہ داری اٹھاتا ہے، جب کہ دوسرا شریک صرف سرمایہ فراہم کرتا ہے اور نفع میں حصہ لیتا ہے۔ ​کیا عامل (کام کرنے والے) شریک کے لیے فریقین کی باہمی رضامندی سے نفع کا 70فیصد حصہ مقرر کرنا جائز ہے، جبکہ بقیہ 30 فیصد سرمائے کی نسبت سے تقسیم کیا جائے؟ رہنمائی فرمائیں۔"

جواب

صورت مسئولہ میں  اگر کاروبار میں شریک دو شرکاء میں سے  ایک کا صرف سرمایہ لگا ہو، اور دوسرا سرمایہ لگانے کے ساتھ کاروبار  میں محنت بھی کر رہا ہو، تو ان کے لیے جائز ہے کہ  باہمی رضامندی کے ساتھ نفع میں اپنا حصہ  جس تناسب سے چاہیں طے کرلیں،  اور جو شریک محنت بھی کر  رہا ہے، اور اس کا سرمایہ بھی لگا ہوا ہے، تواس کے لیے دوسرے شریک (جس کا صرف سرمایہ لگا ہوا ہے) کی بنسبت اپنے لیے نفع میں سے زیادہ حصہ رکھنا بھی  (باہمی رضامندی سے) جائز ہے۔اور اس میں درست طریقہ یہ ہے کہ کل نفع کا حصہ متعین کر لیا جائے(مثلاً 75 فیصد کام کرنے والے کا، اور 25 فیصد صرف سرمایہ لگانے والے کا)۔تاہم  یہ صورت  طے کرنے کی بھی گنجائش  ہے کہ کام کرنے والے شریک کو نفع کا   70فیصد حصہ  اس کے کام کی وجہ سے ملے گا، اور باقی 30 فیصد میں دونوں اپنے سرمایہ کے تناسب سے شریک ہوں گے، یعنی نتیجۃ اور انتھاء اس کا بھی وہی ہوگا کہ کام کرنے والا کل نفع کا مثلاً 85  یا90 فیصد حصہ دار ہوگا، اور سرمایہ لگانے والا 10 فیصد کا۔ تاہم بہتر پہلی صورت ہی ہے۔

البحرالرائق میں ہے :

"(قوله: وتصح مع التساوي في المال دون الربح وعكسه ) وهو التفاضل في المال والتساوي في الربح  وقال زفر والشافعي: لايجوز؛ لأن التفاضل فيه يؤدي إلى ربح ما لم يضمن فإن المال إذا كان نصفين والربح أثلاثاً فصاحب الزيادة يستحقها بلا ضمان؛ إذ الضمان بقدر رأس المال؛ لأن الشركة عندهما في الربح كالشركة في الأصل، ولهذا يشترطان الخلط فصار ربح المال بمنزلة نماء الأعيان؛ فيستحق بقدر الملك في الأصل.

ولنا قوله عليه السلام: الربح على ما شرطا، والوضيعة على قدر المالين. ولم يفصل؛ ولأن الربح كما يستحق بالمال يستحق بالعمل كما في المضاربة، وقد يكون أحدهما أحذق وأهدى أو أكثر عملاً فلايرضى بالمساواة؛ فمست الحاجة إلى التفاضل. قيد بالشركة في الربح؛ لأن اشتراط الربح كله لأحدهما غير صحيح؛ لأنه يخرج العقد به من الشركة، ومن المضاربة أيضاً إلى قرض باشتراطه للعامل، أو إلى بضاعة باشتراطه لرب المال، وهذا العقد يشبه المضاربة من حيث أنه يعمل في مال الشريك ويشبه الشركة اسماً وعملاً فإنهما يعملان معاً، فعملنا بشبه المضاربة وقلنا: يصح اشتراط الربح من غير ضمان وبشبه الشركة حتى لاتبطل باشتراط العمل عليهما. وقد أطلق المصنف تبعاً للهداية جواز التفاضل في الربح مع التساوي في المال، وقيده في التبيين وفتح القدير بأن يشترطا الأكثر للعامل منهما أو لأكثرهما عملاً".

(البحر الرائق شرح كنز الدقائق ومنحة الخالق وتكملة الطوري، كتاب الشركة، شركة العنان، 5/188، ط: دار الكتاب الإسلامي)

"مبسوط سرخسی" میں ہے:

"والشريكان في العمل إذا غاب أحدهما أو مرض أو لم يعمل وعمل الآخر فالربح بينهما على ما اشترطا؛ لما روي أن رجلاً جاء إلى رسول الله صلى الله عليه وسلم فقال: أنا أعمل في السوق ولي شريك يصلي في المسجد، فقال رسول الله صلى الله عليه وسلم: "لعلك بركتك منه"، والمعنى أن استحقاق الأجر بتقبل العمل دون مباشرته والتقبل كان منهما وإن باشر العمل أحدهما، ألا ترى أن المضارب إذا استعان برب المال في بعض العمل كان الربح بينهما على الشرط أو لا ترى أن الشريكين في العمل يستويان في الربح وهما لا يستطيعان أن يعملا على وجه يكونان فيه سواء، وربما يشترط لأحدهما زيادة ربح لحذاقته وإن كان الآخر أكثر عملاً منه، فكذلك يكون الربح بينهما على الشرط ما بقى العقد بينهما وإن كان المباشر للعمل أحدهما ويستوي إن امتنع الآخر من العمل بعذر أو بغير عذر لأن العقد لا يرتفع بمجرد امتناعه من العمل واستحقاق الربح بالشرط في العقد".

(المبسوط للسرخسي، كتاب الشركة، استحقاق الربح في طريق الشركة، 11/157، ط: دارالفکر) 

فقط واللہ اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144804102158
تاریخ18-11-2026

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں