صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کے نام کیسے لکھے اور پڑھے جائیں
سوال
اصحابِ کرام کے نام کیسے لکھے اور پڑھے جائیں؟ جبکہ اسلام میں اچھے اور محترم نام کو مکمل پڑھنا اور لکھنا جائز اور ثواب ہے، اور اصحابِ کرام کا نام ادھورا لکھنا اور پڑھنا گناہ اور بے حرمتی ہے، اسی طرح کچھ لوگ اصحابِ کرام کا نام ادھورا لکھتے ہیں، جیسے حضرت ابوبکر صدیق -رضی اللہ عنہ- کا نام ہے، کیا حضرت ابوبکر صدیق -رضی اللہ عنہ- کے نام کا آدھا، یعنی ”بکری“ لکھنا جائز ہے، جبکہ ”بکری“ لکھنے سے معنی بھی بدل جاتا ہے؟
جواب
انبیاءِ کرام علیہم الصلاۃ والسلام کے بعد صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین کی جماعت مقدس ترین جماعت ہے، ان سے عقیدت و محبت رکھنا اور ان کا احترام کرنا تمام مسلمانوں کے لیے ضروری ہے، لہٰذا جب بھی کسی صحابی کا نام پڑھا یا لکھا جائے تو محبت و احترام کے ساتھ ان کا پورا نام لیا جائے اور نام کے ساتھ ”رضی اللہ عنہ“ بھی پڑھا یا لکھا جائے۔
صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین، بلکہ کسی بھی مسلمان کا نام ادھورا لکھنا یا اس طرح بگاڑنا کہ نام کے معنی بدل جائیں، شرعاً ناجائز ہے، چنانچہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے نام کو ”بکری“ لکھنا شرعاً ناجائز ہے؛ کیونکہ اس سے توہین و اہانت کا شائبہ پیدا ہوتا ہے۔
تفسیر قرطبی میں ہے:
يا أيها الذين آمنوا لا تقولوا راعنا وقولوا انظرنا واسمعوا وللكافرين عذاب أليم (104)
"فيه خمس مسائل.... الثانية- في هذه الآية دليلان: أحدهما- على تجنب الألفاظ المحتملة التي فيها التعريض للتنقيص والغض، ويخرج من هذا فهم القذف بالتعريض، وذلك يوجب الحد عندنا خلافا لأبي حنيفة والشافعي وأصحابهما حين قالوا: التعريض محتمل للقذف وغيره، والحد مما يسقط بالشبهة. وسيأتي في" النور " بيان هذا، إن شاء الله تعالى."
(سورة البقرة، الآية: 104، ج: 2، ص: 57، ط: دار الكتب المصرية)
شرح المقاصد میں ہے:
(قال: اتفق أهل الحق على وجوب تعظيم الصحابة والكف عن الطعن فيهم سيما المهاجرين والأنصار لما ورد في الكتاب والسنة من الثناء عليهم، والتحذير عن الإخلال بإجلالهم الله الله في أصحابي، لا تتخذوهم غرضًا : من بعدي لا تسبوا أصحابي خير القرون قرني ولو كانوا فسدوا بعده لما قال ذلك، بل نبّه، وكثير مما حكي عنهم افتراءات، وما صح فله محامل وتأويلات)
(المقصد السادس: السمعيات، الفصل الرابع: في الإمامة، المبحث السابع، ج: 3، ص: 529، ط: دار الكتب العلمية)
فقط والله أعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

