مال پسند نہ آنے پر بائع کو واپس کرنے کا وعدہ کرنے کے بعد اُسے حوالہ کرنے سے پہلے مال ہلاک ہوجائے تو نقصان کس کے ذمہ ہوگا؟
سوال
میں نے ہول سیلر سے کپڑے کے دو ڈیزائن خریدے جس کی مالیت تقریبا چھ لاکھ روپے تھی ،اور آدھی سے زیادہ رقم ادا بھی کردی ۔البتہ کچھ دن بعد ایک ڈیزائن مجھے پسند نہیں آیا تو میں نے ہول سیلر سے کہا کہ ایک میں تمہیں واپس کردوں گا، اس نے حامی بھرلی ۔کچھ وقت بعد وہ مال میں نے گودام میں شفٹ کرلیا ۔ وقت گزرتا گیا، نہ میرے پاس فرصت تھی اور نہ اس نے مال وہاں سے اٹھایا ، جب وہ کہتا تھا کہ مال بھیج دو تو میں مصروف ہوتا تھا ، ا س طرح تقریبا چار ماہ گزرگئے ۔ پھر ایک دن کسٹم والے رات میں آۓ اور سارا مال گودام سے اٹھالیا ، جس میں میرا ایک کنٹینر مال اور اس کا مال بھی ضائع ہوگیا ۔ میرا سوال یہ ہے کہ اس مال کا ذمہ دار کون ہے ، اور نقصان کی تلافی کس کے ذمہ ہے ؟
جواب
صورت مسئولہ میں وہ مال جس کو سائل نے ہول سیلر سے خریدا ، اور پسند نہ آنے کی وجہ سے وہ مال سائل نے ہول سیلر کو واپس دینے کا وعدہ کیا تھا ، بعد ازاں اسے کسٹم والے اٹھا کر لے گئے ، چوں کہ وہ مال سائل ہی کے پاس رہا اس لیے نقصان کا ذمہ دار سائل ہی ہے، چھ لاکھ میں سے جتنی رقم ادا کرچکا ہے، اس کے علاوہ جتنی رقم باقی ہے وہ سائل کے ذمہ ادا کرنا لازم ہے، ہول سیلر کے ذمہ شرعا کچھ بھی لازم نہیں ۔
الإختیار لتعلیل المختار میں ہے :
"قال: (وهلاك المبيع يمنع صحة الإقالة) لأن الفسخ يقتضي قيام البيع وهو ببقاء المبيع."
(کتاب البیوع، فصل فی الإقالة وأحکامھا، ج:2، ص:12، ط:مطبعة الحلبي - القاهرة)
فقط واللہ تعالی اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

