بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

1 جمادى الاخرى 1448ھ 12 نومبر 2026 ء

دارالافتاء

 

 جادو کے اثر کی حالت میں بار بار طلاق کے الفاظ کہنے کا حکم

سوال

میرے شوہر کے ایک پڑوسی نے ان پر کالا جادو کیا ہے، جس کی وجہ سے گھر میں بہت زیادہ بے چینی اور اختلاف پیدا ہوگیا ہے۔ میرے شوہر اس جادو سے متاثر ہیں، اور جب جادو کا اثر شروع ہوجاتا ہے تو ان کا ذہنی توازن درست نہیں رہتا، انہیں کسی بات کا صحیح شعور نہیں ہوتا اور وہ اپنی باتوں اور اعمال پر قابو نہیں رکھتے۔
اس حالت میں وہ تقریباً روزانہ مجھے کہتے ہیں: "میں نے تجھے طلاق دے دی" اور مختلف مواقع پر اسی طرح طلاق کے الفاظ کہتے ہیں۔
اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ اگر شوہر جادو کے اثر کی ایسی حالت میں طلاق کے الفاظ کہے جس میں اسے اپنے قول و فعل کا شعور نہ ہو اور وہ اپنے اوپر قابو نہ رکھتا ہو، تو کیا ایسی حالت میں دی ہوئی طلاق شرعاً واقع ہوگی؟ اس صورت میں طلاق کا کیا حکم ہے؟

جواب

واضح رہے کہ جادو کے اثر سے اگر شوہر کی ایسی کیفیت ہوجائے کہ اس کے ہوش و حواس قائم نہ رہیں، عقل مغلوب ہوجائے، اسے معلوم نہ ہو کہ زبان سے کیا الفاظ نکل رہے ہیں اور اس کے اقوال و افعال میں اس کی عادت کے خلاف خلل غالب ہو، تو اس حالت میں کہے گئے طلاق کے الفاظ معتبر نہیں اور ان سے طلاق واقع نہیں ہوتی، لیکن جادو کا اثر ہونے کے باوجود اگر ہوش و حواس برقرار ہوں اور اسے علم ہو کہ وہ کیا کہہ رہا ہے، تو اس حالت میں دی گئی طلاق واقع ہوجاتی ہے۔

لہذا صورت مسولہ میں شوہر روزانہ طلاق کے جو الفاظ کہتا ہے،اگر مغلوب العقل وہ مغلوب الحواس ہونے کے کیفیت میں کہتا ہو،تو ان الفاظ سے طلاق واقع نہیں ہوگی،البتہ اگر مغلوب العقل حواس نہ ہوتا ہو تو اس صورت میں مذکورہ طلاق کے الفاظ شرعا معتبر ہوں گے،اور پہلے تین مرتبہ کہتےہی سائل پر تین طلاق واقعہ ہو جائیں گی، اور وہ شوہر پر حرمت مغلظہ کے ساتھ حرام ہو جائے گی نکاح ختم شمار ہوگا،اور شوہر کو متعلقہ بیوی( سائلہ) سے رجوع کرنا یا دوبارہ نکاح کرنا حرام ہوگا اسی صورت میں فورا اسے علیحدگی اختیار کرنا ضروری ہوگا۔اور طلاق کی مدت مکمل تین ماہواریہ اگر حمل نہ ہوں اور ماہواری اتی ہو یا حمل کی صورت میں بچے کی پیدائشی تک کا عرصہ گزر کر کسی اور سے نکاح کرنا سائلہ کے لیے جائز ہوگا

سنن الترمذی میں ہے:

"عن أبي هريرة قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: كل طلاق جائز إلا طلاق المعتوه المغلوب على عقله ... والعمل على هذا عند أهل العلم من أصحاب النبي صلى الله عليه وسلم وغيرهم: أن طلاق المعتوه المغلوب على عقله لا يجوز إلا أن يكون معتوها يفيق الأحيان فيطلق في حال إفاقته."

(أبواب الطلاق واللعان، باب ما جاء في طلاق المعتوه، رقم: 1191، ج:3، ص:488، ط: مصطفى البابي الحلبي)

ترجمہ:
"حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہر طلاق واقع ہو جاتی ہے، سوائے اس معتوہ کی طلاق کے جس کی عقل مغلوب ہو چکی ہو۔ ... اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب اور دیگر اہلِ علم کا عمل اسی پر ہے کہ جس معتوہ کی عقل مغلوب ہو اس کی طلاق واقع نہیں ہوتی، البتہ اگر وہ ایسا معتوہ ہو جسے کبھی کبھی افاقہ ہو جاتا ہو اور وہ افاقہ کی حالت میں طلاق دے (تو واقع ہو جائے گی)۔"

فتاوی شامی میں ہے:

"(قوله والمجنون) قال في التلويح: الجنون اختلال القوة المميزة بين الأمور الحسنة والقبيحة المدركة للعواقب، بأن لا تظهر آثاره وتتعطل أفعالها، إما لنقصان جبل عليه دماغه في أصل الخلقة، وإما لخروج مزاج الدماغ عن الاعتدال بسبب خلط أو آفة، وإما لاستيلاء الشيطان عليه وإلقاء الخيالات الفاسدة إليه بحيث يفرح ويفزع من غير ما يصلح سببا."

(کتاب الطلاق، ج:3، ص:243، ط: سعید)

وفیہ ایضاً:

"وسئل نظما فيمن طلق زوجته ثلاثا في مجلس القاضي وهو مغتاظ مدهوش، أجاب نظما أيضا بأن الدهش من أقسام الجنون فلا يقع، وإذا كان يعتاده بأن عرف منه الدهش مرة يصدق بلا برهان ... فالذي ينبغي التعويل عليه في المدهوش ونحوه إناطة الحكم بغلبة الخلل في أقواله وأفعاله الخارجة عن عادته ... فما دام في حال غلبة الخلل في الأقوال والأفعال لا تعتبر أقواله وإن كان يعلمها ويريدها لأن هذه المعرفة والإرادة غير معتبرة لعدم حصولها عن إدراك صحيح كما لا تعتبر من الصبي العاقل."

(کتاب الطلاق، مطلب في طلاق المدهوش، ج:3، ص:244، ط: سعید)

الفقہ الاسلامی وادلتہ میں ہے:

"لا يصح طلاق المجنون، ومثله المغمى عليه، والمدهوش: وهو الذي اعترته حال انفعال لا يدري فيها ما يقول أو يفعل، أو يصل به الانفعال إلى درجة يغلب معها الخلل في أقواله وأفعاله، بسبب فرط الخوف أو الحزن أو الغضب."

(القسم السادس: الأحوال الشخصية، الباب الثاني: انحلال الزواج وآثاره، الفصل الأول: الطلاق، ج:9، ص:6882، ط: دار الفكر)

فتاوی محمودیہ میں ہے:

"اگر جنون و سحر وغیرہ کی وجہ سے ہوش و حواس قائم نہ رہے اور یہ معلوم نہ ہو کہ زبان سے کیا الفاظ کہہ رہا ہے اور ان کا کیا نتیجہ ہوگا تو ایسی صورت میں طلاق واقع نہیں ہوئی، اگر یہ بات نہ ہو بلکہ الفاظ کے مطلب کو سمجھتا ہو پھر اس طرح کہے تو طلاق ہوجاتی ہے۔۔۔الخ"

(کتاب الطلاق، باب الطلاق بالکتابۃ، ج:12، ص:651، ط: ادارۃ الفاروق)

فقط واللہ اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144804101235
تاریخ10-11-2026

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں