والدہ کی بددعا اور بیٹوں کے لیے صبر و احترام کی ہدایت
سوال
بوڑھي والده اپنے بیٹوں کو جو بددعائیں دیتی ہے، کیا وہ قبول ہوتی ہیں؟حالاں کہ وہ ان کی دیکھ بھال اور خدمت کرتے ہیں۔
جواب
واضح رہے کہ والدین اوالاد کے لیے سب سے بڑے خیر خواہ ہوتے ہیں ، خود تکالیف برداشت کرکے اولاد کو راحت پہنچاتے ہیں ، لہذا صورت مسئولہ میں اگر اولاد والدہ کی خدمت کررہی ہو ،اس کی ضروریات پوری کررہی ہو ،ان کی بد دعا کی کوئی شرعی اخلاقی وجہ نہ ہو تو ایسی بددعا قبول نہیں ہوتی۔ تاہم بیٹوں کو چاہیے کہ والدہ کسی بات پر ناراض ہو یا بددعا دے، تو اس کے جواب میں سخت لہجہ اختیار نہ کرے اور نہ ہی اس کے سامنے کسی قسم کی ناگواری کا اظہار کرے، بلکہ اگر والدہ کوئی بات بالکل ناحق بھی کہے، تب بھی صبر سے کام لے اور اس کے لیے دعائے خیر کرے۔
قرآن حکیم میں ہے:
" وَلَوْ یُعَجِّلُ اللّٰهُ لِلنَّاسِ الشَّرَّ اسْتِعْجَالَهُمْ بِالْخَیْرِ لَقُضِیَ اِلَیْهِمْ اَجَلُهُمْ ؕ فَنَذَرُ الَّذِیْنَ لَا یَرْجُوْنَ لِقَآءَنَا فِیْ طُغْیَانِهِمْ یَعْمَهُوْنَ " ( سورة يونس أية:11)
ترجمہ:"اور اگر الله لوگوں پر (ان کے جلدی مچانے کے موافق) جلدی سے نقصان واقع کردیا کرتا جس طرح وہ فائدے کے لیے جلدی مچاتے ہیں تو ان کا وعدہ (عذاب) کبھی کا پورا ہوچکا ہوتا سو (اسلئے ان لوگوں کو جن کو ہمارے پاس آنے کا کھٹکا نہیں ہے ان کے حال پر بلا عذاب چند روز چھوڑ رکھتے ہیں کہ اپنی سرکشی میں بھٹکتے رہیں ۔"(از: بیان القرآن)
معارف القرآن میں ہے:
" اس سے معلوم ہوا کہ دعائے خیر اور اچھی دعا کے متعلق تو حق تعالیٰ کی یہ عادت ہے کہ اکثر جلد قبول کرلیتے ہیں اور کبھی کسی حکمت و مصلحت سے قبول نہ ہونا اس کے منافی نہیں، مگر جو انسان کبھی اپنی نادانی سے اور کبھی کسی غصہ اور رنج سے اپنے لئے یا اپنے اہل و عیال کے لئے بد دعا کر بیٹھتا ہے یا انکار آخرت کی بنا پر عذاب کو کھیل سمجھ کر اپنے لئے دعوت دیتا ہے اس کو فوراً قبول نہیں کرتے بلکہ مہلت دیتے ہیں تاکہ منکر کو غور و فکر کر کے اپنے انکار سے باز آنے کا مو قع ملے اور اگر کسی وقتی رنج و غصہ یا دل تنگی کے سبب بد دعا کر بیٹھا ہے تو اس کو اس کی مہلت مل جائے کہ اپنے بھلے برے کو دیکھے اور انجام پر نظر ڈال کر اس سے باز آجائے ۔
امام ابن جریر طبری نے بروایت قتادہ اور بخاری و مسلم نے بروایت مجاہد نقل کیا ہے کہ اس جگہ بد دعا سے مراد یہ ہے کہ بعض اوقات کوئی انسان غصہ کی حالت میں اپنی اولاد یا مال و دولت کے تباہ ہونے کی بد دعا کر بیٹھتا یا ان چیزوں پر لعنت کے الفاظ کہہ ڈالتا ہے، اللہ تعالیٰ اپنے لطف و کرم سے ایسی دعا قبول کرنے میں جلدی نہیں فرماتے۔ امام قرطبی نے اس جگہ ایک روایت نقل کی ہے کہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا کہ میں نے اللہ جل شانہ سے دعا کی ہے کہ وہ کسی دوست عزیز کی بد دعا اس کے دوست عزیز کے متعلق قبول نہیں فرماویں، اور شہر بن حوشب رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ میں نے بعض کتابوں میں پڑھا ہے کہ جو فرشتے انسانوں کی حاجت روائی پر مقرر ہیں اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے ان کو یہ ہدایت کر رکھی ہے کہ میرا بندہ جو رنج و غصہ میں کچھ بات کہے اس کو نہ لکھو ۔ ( قرطبی ) ۔"
(سورۃ یونس ، ج:4، ص:515، ط:مکتبہ معارف القرآن)
تفسیر روح المعانی میں ہے:
"عن مجاهد أنه قال: هو قول الإنسان لولده وما له إذا غضب اللهم لا تبارك فيه. اللهم العنه."
(سورة يونس ، أية:11، ج:6، ص:74، ط:دار الكتب العلمية)
فتاوی شامی میں ہے:
" فرع: في فصول العلامي: إذا رأى منكرا من والديه يأمرهما مرة، فإن قبلا فبها، وإن كرها سكت عنهما واشتغل بالدعاء والاستغفار لهما فإن الله تعالى يكفيه ما أهمه من أمرهما."
(كتاب الحدود، باب التعزير، ج:4، ص:78، ط:سعید)
فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

