مریض کے علاج میں مصروف نرس کے لیے نماز کا حکم
سوال
ایک نرس ڈیوٹی پر موجود ہو اور مریض کا علاج کر رہی ہو، اسی دوران نماز کا وقت آ جائے، تو ایسی صورت میں وہ نماز پڑھے یا مریض کا علاج جاری رکھے؟ نماز بھی فرض ہے اور مریض کا علاج بھی ضروری ہے، تو اس وقت کیا کرنا چاہیے؟
جواب
صورتِ مسئولہ میں اگر مریض کی حالت معمول کے مطابق ہو اور علاج میں تاخیر کرنے سے مریض کی جان جانے یا کسی عضو کے تلف ہونے کا اندیشہ نہ ہو، تو محض ڈیوٹی کی وجہ سے نماز مؤخر کرنا جائز نہیں۔
اگر مریض کی حالت ایسی نازک ہو کہ نرس کے علاج چھوڑ کر نماز کے لیے جانے سے مریض کی جان کو خطرہ ہو یا کسی عضو کے تلف ہونے کا غالب اندیشہ ہو، اور اس وقت متبادل کوئی اور نرس یا ڈاکٹر بھی موجود نہ ہو جو مریض کی دیکھ بھال کر سکے، تو ایسی صورت میں نرس مریض کا علاج جاری رکھے اور جیسے ہی موقع ملے نماز ادا کرے۔ اگر وقت کے اندر نماز ادا کرنے کا موقع نہ ملے تو وقت نکلنے کے بعد جلد از جلد اس کی قضا کرے۔
فتاوی شامی میں ہے:
"وكذا جاز قطع الصلاة أو تأخيرها لخوفه على نفسه أو ماله أو نفس غيره أو ماله كخوف القابلة على الولد والخوف من تردي أعمى وخوف الراعي من الذئب وأمثال ذلك كإفطار الضيف."
(كتاب الحج، ج: 2، ص: 463، ط: سعيد)
وفیہ ایضاً:
"ويجب لإغاثة ملهوف وغريق وحريق.
(قوله ويجب) الظاهر منه الافتراض ط (قوله لإغاثة ملهوف) سواء استغاث بالمصلي أو لم يعين أحدا في استغاثته إذا قدر على ذلك، ومثله خوف تردي أعمى في بئر مثلا إذا غلب على ظنه سقوطه إمداد."
(كتاب الصلاة، باب ما يفسد الصلاة وما يكره فيها، ج: 1، ص: 654، ط: سعيد)
فقط والله أعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

