بدعت کی تعریف اور اس کی اقسام
سوال
بدعت کسے کہتے ہیں اور اس اقسام؟
جواب
بدعت کا لغوی معنی ہر وہ نئی چیز ہے جو پہلے سے موجود نہ ہو، خواہ وہ اچھی ہو یا بری۔ اور شرعی اصطلاح میں بدعت اُس نئے کام کو کہتے ہیں جو دین سمجھ کر اور ثواب کی نیت سے ایجاد کیا جائے، حالاں کہ شریعت میں اس کی کوئی اصل موجود نہ ہو، اور نہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم، صحابہ کرام اور قرونِ اولیٰ میں داعیہ و محرک کے موجود ہونے کے باوجود وہ پایا جاتا ہو۔
بدعت کی دو قسمیں ہیں: بدعتِ حسنہ اور بدعتِ سیئہ۔ جس نئے کام کی اصل شریعت میں موجود ہو، وہ بدعتِ حسنہ ہے اور قابلِ عمل ہے، جیسے قرآنِ کریم پر اعراب لگانا، کتابوں کی تدوین اور مدارس کا قیام؛ اور جس کی شریعت میں کوئی اصل نہ ہو، وہ بدعتِ سیئہ ہے اور واجب الترک ہے۔
واضح رہے کہ جس بدعت کو احادیث میں گمراہی قرار دیا گیا ہے، وہ بدعتِ سیئہ یعنی بدعتِ شرعیہ ہے؛ اور بدعتِ حسنہ سے مراد بدعتِ لغوی ہے۔ اسی لیے حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے تراویح کو ایک امام کی اقتدا میں جمع کرنے پر "نعمت البدعة هذه" فرمایا، اس میں بدعت کا لفظ اپنے لغوی معنی ہی میں استعمال ہوا ہے۔
صحیح مسلم میں ہے:
"من أحدث في أمرنا هذا ما ليس منه فهو رد."
(کتاب الأقضیۃ، باب نقض الأحکام الباطلۃ ورد محدثات الأمور، رقم الحدیث: 1718)
صحیح مسلم میں ہے:
"أما بعد، فإن خير الحديث كتاب الله، وخير الهدي هدي محمد، وشر الأمور محدثاتها، وكل بدعة ضلالة."
(کتاب الجمعۃ، باب تخفیف الصلاۃ والخطبۃ، رقم الحدیث: 867)
سنن ابی داود میں ہے:
"فعليكم بسنتي وسنة الخلفاء الراشدين المهديين، عضوا عليها بالنواجذ، وإياكم ومحدثات الأمور، فإن كل محدثة بدعة، وكل بدعة ضلالة."
(کتاب السنۃ، باب في لزوم السنۃ، رقم الحدیث: 4607)
صحیح البخاری میں ہے:
"عن عبد الرحمن بن عبد القاري أنه قال: خرجت مع عمر بن الخطاب رضي الله عنه ليلة في رمضان إلى المسجد، فإذا الناس أوزاع متفرقون... ثم خرجت معه ليلة أخرى والناس يصلون بصلاة قارئهم، قال عمر: نعم البدعة هذه."
(کتاب صلاۃ التراویح، باب فضل من قام رمضان، رقم الحدیث: 2010)
جامع العلوم والحکم میں ہے:
"والمراد بالبدعة: ما أحدث مما لا أصل له في الشريعة يدل عليه، وأما ما كان له أصل من الشرع يدل عليه فليس ببدعة شرعا، وإن كان بدعة لغة."
(الحديث الثامن والعشرون، ج:2، ص:127، ط: مؤسسۃ الرسالۃ)
عمدۃ القاری میں ہے:
"ثم البدعة على نوعين: إن كانت مما تندرج تحت مستحسن في الشرع فهي حسنة، وإن كانت مما تندرج تحت مستقبح في الشرع فهي مستقبحة."
(کتاب صلاۃ التراویح، ج:8، ص:245، ط: دار إحياء التراث العربي)
شرح النووی علی مسلم میں ہے:
"قال العلماء: البدعة خمسة أقسام: واجبة، ومندوبة، ومحرمة، ومكروهة، ومباحة."
(کتاب الجمعۃ، ج:6، ص:154، ط: دار إحياء التراث العربي)
لوائح الأنوار السنیۃ میں ہے:
"المحدثات من الأمور ضربان: أحدهما ما أحدث يخالف كتابا أو سنة أو أثرا أو إجماعا فهذه البدعة الضلالة، والثاني: ما أحدث من الخير لا خلاف فيه، فهذه محدثة غير مذمومة."
(ج:1، ص:175، ط: مکتبۃ الرشد)
فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

