پالنے کے لیے جانور دے کر دودھ اور بچوں میں حصہ طے کرنے کا حکم
سوال
ہمارے یہاں یہ دستور ہے کہ جس کے پاس گائے یا بکری ہو مگر پالنے کی فرصت نہ ہو، وہ کسی اور کو پالنے کے لیے دے دیتا ہے، اور طے یہ ہوتا ہے کہ چارہ اور دیکھ بھال پالنے والے کے ذمے ہو گی، اور جو دودھ ہو گا اور جو بچے پیدا ہوں گے وہ دونوں میں آدھے آدھے تقسیم ہوں گے۔
کیا یہ معاملہ درست ہے، اور پالنے والا اپنے حصے کا بچہ بیچ سکتا ہے یا قربانی کر سکتا ہے؟ اگر یہ صورت درست نہیں تو اس کا جائز طریقہ کیا ہے؟
جواب
صورتِ مسئولہ میں جانور پالنے کے لیے دیتے وقت یہ طے کرنا کہ اس کا دودھ اور بچے مالک اور پالنے والے کے درمیان آدھے آدھے ہوں گے، درست نہیں۔ ایسے معاملے میں دودھ اور بچے سب جانور کے مالک کے ہوتے ہیں، اور پالنے والا ان میں سے کسی بچے کو نہ فروخت کر سکتا ہے اور نہ اس کی قربانی کر سکتا ہے۔ البتہ اس نے اپنی ملکیت کا جو چارہ کھلایا ہے اس کا مثل، اور اپنی محنت کی اجرتِ مثل مالک سے لینے کا وہ حق دار ہے۔
البتہ جن علاقوں میں جانور اس طرح پالنے کے لیے دینے کا عام رواج ہے، وہاں ابتلائے عام کی وجہ سے جو معاملہ اس طرح ہو چکا ہے تو وہاں ایسے معاملے میں دودھ اور بچے طے شدہ حصوں کے مطابق دونوں کے ہوں گے، پالنے والا اپنے حصے کا بچہ فروخت بھی کر سکتا ہے اور قربانی کی شرائط پائی جائیں تو اس کی قربانی بھی کر سکتا ہے۔ البتہ بکری کا جو بچہ دونوں میں آدھا آدھا مشترک ہو، اس کی قربانی ان میں سے کوئی ایک اپنی طرف سے نہیں کر سکتا۔
تاہم احتیاط اسی میں ہے کہ آئندہ یہ معاملہ نہ کیا جائے، بلکہ درج ذیل صورتوں میں سے کوئی صورت اختیار کی جائے:
پہلی صورت یہ ہے کہ مالک جانور پالنے کے لیے دے کر پالنے والے کی اجرت متعین کر دے۔ اس صورت میں دودھ اور بچے سب مالک کے ہوں گے۔
دوسری صورت یہ ہے کہ مالک جانور کا آدھا حصہ متعین قیمت پر پالنے والے کے ہاتھ فروخت کر دے۔ یہ قیمت نقد بھی لی جا سکتی ہے اور ادھار بھی رکھی جا سکتی ہے، اور مالک چاہے تو بعد میں معاف بھی کر سکتا ہے۔ اس کے بعد جانور دونوں کا مشترک ہو جائے گا، اور دودھ اور ہر بچے میں دونوں آدھے آدھے شریک ہوں گے۔
تیسری صورت یہ ہے کہ دونوں اپنی اپنی رقم ملا کر جانور خریدیں۔ اس صورت میں ہر ایک اپنی رقم کے تناسب سے جانور، اس کے دودھ اور بچوں میں شریک ہو گا۔
شرکت کی ان دونوں صورتوں میں یہ طے کرنا کہ ایک بچہ ایک فریق کا اور دوسرا بچہ دوسرے فریق کا ہو گا، درست نہیں۔ ہر بچہ دونوں کے درمیان ان کے حصوں کے تناسب سے مشترک ہو گا۔
بدائع الصنائع میں ہے:
"ولا خلاف في شركة الملك أن الزيادة فيها تكون على قدر المال، حتى لو شرط الشريكان في ملك ماشية لأحدهما فضلا من أولادها وألبانها لم تجز بالإجماع."
(کتاب الشرکۃ، فصل وأما بيان شرائط جواز هذه الأنواع، ج:6، ص:62، ط: سعید)
المبسوط للسرخسی میں ہے:
"بخلاف الزوائد، فإنها تتولد من الملك، فإنما تتولد بقدر الملك."
(کتاب القسمۃ، ج:15، ص:6، ط: دار المعرفۃ)
خلاصۃ الفتاوی میں ہے:
"رجل دفع بقرة إلى رجل بالعلف مناصفة... بأن دفع على أن ما يحصل من اللبن والسمن بينهما نصفان، فهذا فاسد، والحادث كله لصاحب البقرة، والإجارة فاسدة."
(کتاب الاجارۃ، الجنس الثالث في الدواب وما یتصل بها، ج:3، ص:114، ط: قدیمی)
الدر المنتقی علی مجمع الانہر میں ہے:
"وفسد استئجار حائك لينسج له غزلا بنصفه، أو حمارا ليحمل عليه طعاما بقفيز منه، أو ثورا ليطحن له برا بقفيز من دقيقه؛ هذا يسمى قفيز الطحان وقد نهي عنه، والأوليان بمعناه لاستئجاره ببعض عمله، حتى لو أطلق ولم يضفه أو أفرزه له أولا جاز بالإجماع وهو الحيلة."
(کتاب الاجارۃ، باب الاجارۃ الفاسدۃ، ج:3، ص:539، ط: دار الکتب العلمیۃ، بیروت)
الفتاوی الہندیۃ میں ہے:
"دفع بقرة إلى رجل على أن يعلفها وما يكون من اللبن والسمن بينهما أنصافا، فالإجارة فاسدة... والحيلة في جوازه أن يبيع نصف البقرة منه بثمن ويبرئه عنه، ثم يأمر باتخاذ اللبن والمصل فيكون بينهما."
(کتاب الاجارۃ، الفصل الثالث في قفيز الطحان وما هو في معناه، ج:4، ص:504، ط: رشیدیۃ)
وفیہ ایضاً:
"وعلى هذا إذا دفع البقرة إلى إنسان بالعلف ليكون الحادث بينهما نصفين، فما حدث فهو لصاحب البقرة، ولذلك الرجل مثل العلف الذي علفها وأجر مثله فيما قام عليها، والحيلة في ذلك أن يبيع نصف البقرة من ذلك الرجل بثمن معلوم حتى تصير البقرة وأجناسها مشتركة بينهما فيكون الحادث منها على الشركة."
(کتاب الشرکۃ، الباب الخامس في الشركة الفاسدة، ج:2، ص:335)
امداد الفتاوی میں ہے:
"پس حنفیہ کے قواعد کی بناء پر یہ عقد ناجائز ہے کما نقل فی السوال عن العالمگیریۃ، لیکن بناء بر نقل بعض اصحاب امام احمد کے نزدیک اس میں جواز کی گنجائش ہے، پس تحرز احوط ہے اور جہاں ابتلائے شدید ہو تو توسع کیا جاسکتا ہے۔"
(کتاب الاجارۃ، ج:3، ص:343، ط: دارالعلوم کراچی)
کتاب النوازل میں ہے:
"مذکورہ معاملہ جائز نہیں؛ بلکہ خالد کو صرف پرورش کرنے کی اُجرت دی جائے گی، اور جانور کی کل قیمت زید کی ملک ہے؛ البتہ اگر کسی جگہ ابتلاء عام ہو اور اس سے بچنا نہایت دشوار ہو، تو گنجائش ہوسکتی ہے، پھر بھی اجتناب لائق احتیاط ہے۔"
(کتاب الاجارۃ، جانوروں کو پال پر دینا، ج:12، ص:420 ط: المرکز العلم للنشر و التحقیق)
فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

