بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

8 جمادى الاخرى 1448ھ 19 نومبر 2026 ء

دارالافتاء

 

معیارِ سمک (مچھلی کا شرعی معیار) کیا ہے؟ /’’کوچیا‘‘  /’’کوئنچا‘‘ کھانا کیسا ہے؟

سوال

1۔ شریعت کی رو سے ’’معیارِ سمک‘‘ (مچھلی کا شرعی معیار) کیا ہے؟ یعنی کسی بھی آبی مخلوق میں کن اوصاف یا علامات کا پایا جانا ضروری ہے تاکہ اسے شرعی اصطلاح میں مچھلی قرار دیا جا سکے؟

2۔ اگر کوئی آبی مخلوق کسی ایک ملک یا شہر کے عرف میں مچھلی کے طور پر معروف ہو، لیکن کسی دوسرے ملک یا شہر کے عرف میں اسے ناپسندیدہ (قابلِ کراہت) سمجھا جاتا ہو اور اسے کھانے والوں کو بھی حقارت کی نظر سے دیکھا جاتا ہو، تو ایسی صورت میں جس علاقے کے عرف میں اسے مچھلی نہیں مانا جاتا اور ناپسند کیا جاتا ہے، وہاں اسے مچھلی شمار کیا جائے گا یا نہیں؟

3۔ اگر عرفِ عام میں کسی آبی مخلوق کو مچھلی نہیں مانا جاتا، بلکہ اسے ناپسند کیا جاتا ہے، لیکن فتاویٰ یا فقہ کی کسی کتاب میں اسے مچھلی قرار دیا گیا ہو، تو ایسی صورت میں اس آبی مخلوق کے کھانے کا کیا حکم ہوگا؟

4۔’’کوچیا‘‘  /’’کوئنچا‘‘ (انگریزی نام: Asian swamp eel، سائنسی نام: Monopterus cuchia) ایک آبی مخلوق ہے، جو بظاہر سانپ سے مشابہت رکھتی ہے۔ ہمارے (بنگلہ دیش کے) عرف میں اسے انتہائی ناپسندیدہ سمجھا جاتا ہے اور  مچھلی بھی شمار نہیں کیا جاتا۔ سوال یہ ہے کہ ’’کوچیا‘‘ یا ’’کوئنچا‘‘ کھانے کا شرعی حکم کیا ہے؟

جواب

1- 3۔ واضح رہے کہ کسی آبی مخلوق کے مچھلی ہونے کے لیے اس کے خواص اور صفاتِ لازمہ کی تعیین کے بارے میں شریعت میں کوئی منصوص دلیل نہیں ہے، اس لیے لامحالہ اہلِ لغت، ساحلی ماہی گیروں کے عرف اور ماہرینِ سمک کی رائے ہی معیارِ سمک (مچھلی کا شرعی معیار)  قرار دیا جائے گا۔

 لہٰذا اہلِ لغت، اہلِ عرف اور ماہرینِ سمک نے جسے مچھلی قرار دیا ہے، شرعاً بھی اسے مچھلی ہی شمار کیا جائے گا اور اس کا کھانا حلال ہوگا۔ خواہ وہ مچھلی چھوٹی ہو یا بڑی، اس کا رنگ یا ہیئت کیسی بھی ہو، اور خواہ کسی کو اس سے طبعی کراہت ہو یا رغبت؛ اس کی تمام اقسام حلال اور پاکیزہ ہیں۔مچھلی کی کسی بھی قسم کو محض کسی فرد کی طبعی کراہت، کسی ملک کے باشندوں کی عدم واقفیت، یا کسی علاقے کے لوگوں کی طبعی نفرت کی بنا پر حرام یا مکروہ قرار نہیں دیا جائے گا۔

4۔بصورتِ مسئولہ، چوں کہ اہلِ عرف اور اہلِ دانش ’’کوچیا‘‘ / ’’کوئنچا‘‘ کو مچھلی شمار نہیں کرتے اور یہ خبائث میں سے ہے، لہٰذا اس کا کھانا مکروہِ تحریمی ہے۔

شرح مختصر الكرخی میں ہے: 
"وأما أنواع السمك: فهي حلال كلها، وقد بينا ذلك، ودللنا عليه بقوله عليه الصلاة والسلام: "أحلت لنا ميتتان: السمك والجراد"، وهذا عام في الجريث والمارماهي. وروي عن النبي صلى الله عليه وسلم أنه قال في البحر: "هو الطهور ماؤه والحل ميتته". وروي عن علي بن أبي طالب، وعبد الله بن عباس رضي الله عنهما إباحة الجريث، ولا يعرف لهما مخالف."

(كتاب الصيد، باب صيد السمك، ج: 6، ص: 352، ط: دار أسفار الكويت)

بدائع الصنائع میں ہے:

"ويستوي في حل الأكل جميع أنواع السمك من الجريث والمارماهي وغيرهما؛ لأن ما ذكرنا من الدلائل في إباحة السمك لا يفصل بين سمك وسمك إلا ما خص بدليل، وقد روي عن سيدنا علي وابن عباس رضي الله عنهما إباحة الجريث والسمك الذكر ولم ينقل عن غيرهما خلاف ذلك فيكون إجماعا."

(كتاب الذبائح والصيود، المأكول وغير المأكول من الحيوانات، ج: 5، ص: 36، ط: دار الكتب العلمية) 

الاصل لمحمد بن الحسن میں ہے:  
"قلت: أرأيت المارماهيج وما أشبهه من السمك والجري هل ترى بأكله بأسا؟ قال: لا بأس بأكله."

(كتاب الصيد والذبائح، باب ما يكره أكله من صيد البر والبحر وما لا يكره، ج: 5، ص: 395، ط: دار ابن حزم، بيروت)

فتاوی شامی میں ہے:   
"(ولا) يحل (حيوان مائي إلا السمك) الذي مات بآفة ولو متولدا في ماء نجس ... (غير الطافي) ... (و) إلا (الجريث) سمك أسود (والمارما هي) سمك في صورة الحية، وأفردهما بالذكر للخفاء وخلاف محمد.

(قوله وإلا الجريث) بكسر المعجمة وتشديد المهملة قال في القاموس كسكيت (قوله سمك أسود) كذا قاله العيني: وقال الواني: نوع من السمك مدور كالترس أبو السعود (قوله للخفاء) أي لخفاء كونهما من جنس السمك ابن كمال (قوله وخلاف محمد) نقله عنه في المغرب، قال في الدرر وهو ضعيف."

(كتاب الذبائح، ج: 6، ص: 306-307، ط: ایچ ایم سعید کمپنی کراچی) 

تفسيرِ ابن كثير   ميں ہے:  
"وقوله: {ويحل لهم الطيبات ويحرم عليهم الخبائث}...احتج بها من ذهب من العلماء، إلى أن المرجع في حل المآكل التي لم ينص على تحليلها ولا تحريمها إلى ما استطابته العرب في حال رفاهيتها، وكذا في جانب التحريم إلى ما استخبثته. وفيه كلام طويل أيضا."

(تفسير سورة الأعراف، فصل، ج: 4، ص: 99-100، ط: دار ابن الجوزي للنشر والتوزيع  السعودية)

 تفسیرِ روح المعاني میں ہے: 
"ويحل لهم الطيبات ويحرم عليهم الخبائث فسر الأول بالأشياء التي يستطيبها الطبع كالشحوم، والثاني بالأشياء التي يستخبثها كالدم، فتكون الآية دالة على أن الأصل في كل ما تستطيبه النفس ويستلذه الطبع الحل وفي كل ما تستخبثه النفس ويكرهه الطبع الحرمة إلا لدليل منفصل."

(سورة الأعراف،  ج: 5، ص: 76، ط: دار الكتب العلمية  بيروت)

تفسير ابن كمال باشا میں ہے: 
"{كلوا} على إرادة القول {من طيبات ما رزقناكم} من المشتهيات الخاليات عن الأدواء والمضرات، وعن الحرمة والكراهة؛ لأن أمر الإباحة لا يتناولهما."

(سورة البقرة، الآية: 57، ج: 1، ص: 189، ط: مكتبة الإرشاد، إسطنبول تركيا)

جواہر الفتاوی میں ہے: 

"لہذا مذکورہ نقول سے معلوم ہو ا کہ مچھلی کی تمام قسمیں خواہ بڑی ہو یا چھوٹی ، ان کی صورت اور شکل کیسی ہو۔ ان کا رنگ اور ان کی ہئیت اور جسامت کیسی ہو، کسی کو طبعی کراہت ہو یا طبعی رغبت ، سب کی سب حلال اور پاکیزہ ہیں ۔ مچھلی کی قسم کو کسی فرد کی طبعی کراہت یا کسی ملک کے باشندوں کی عدم واقفیت یا کسی علاقہ والوں کی طبعی نفرت کی بناء پر حرام یا مکروہ قرار نہیں دیا جائے گا اس لیے کہ حرمت اور کراہت یہ دونوں چیزیں شرعی احکام ہیں جس کے لیے ضروری ہے کہ نص سے ثابت ہو البتہ  پھر بھی اگر کوئی طبعی کراہت سے نہ کھا ئیں تو یہ دوسری بات ہے۔"

(چھنگا مچھلی حلال ہے یا حرام، مچھلی کی تمام قسمیں پاکیزہ اور حلال ہیں فقہ کی روشنی میں، ج: 3، ص: 196، ط: اسلامی کتب خانہ کراچی)

وفیہ ایضاً: 

"چوتھا اصول: اہل لغت اور اہل دانش کے بعد ماہرین سمک کی رائے کا اعتبار ہے۔ 

مچھلی کی انواع اور اقسام کی معرفت اور پہچان کے بارے میں ماہرینِ سمک کی رائے معتبر ہے۔ یعنی ماہرینِ سمک جنہیں مچھلی قرار دیویں انہیں مچھلی قرار دیا جائے گا اور وہ جنہیں مچھلی قرار نہ دیں وہ مچھلی قرار نہ پائیں گی کیونکہ یہ بات مسلم اور حقیقت میں سے ہے کہ اہل لسان اور اہل لغت کی تحقیق کے بعد آخری رائے اس کے ماہرین ہی دیتے ہیں اور مچھلی کی مہارت ساحل سمندر پر رہنے والوں کو ہے جو کے شب و روز بلکہ چوبیس گھنٹے کے اوقات اسی میں گزرتے ہیں اور رہتے ہیں وہ زیادہ ماہر ہوتے ہیں لہٰذا انہی کی رائے معتبر ہوگی۔ جو علماء اس بارے میں ناواقف ہیں انہیں اہل لغت پھر اہل عرف کی طرف رجوع کرنا ہوگا۔  "

(چھنگا مچھلی حلال ہے یا حرام،  چوتھا اصول: اہل لغت اور اہل دانش کے بعد ماہرین سمک کی رائے کا اعتبار ہے، ج: 3، ص: 198، ط: اسلامی کتب خانہ کراچی)

فقط واللہ اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144803101026
تاریخ19-11-2026

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں