بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

5 جمادى الاخرى 1448ھ 16 نومبر 2026 ء

دارالافتاء

 

جمعہ کے دن لڑکی کی پیدائش ہوجائے تو کیا نام رکھنا چاہیے؟

سوال

میری بیٹی سات اگست 2026 کو جمعہ کے دن شام سات بجے پیدا ہوئی ہے،  ابھی تک ہم نے اس کے لیے نام نہیں رکھا نام پسند نہیں آتا،  اور جو نام پسند آتے ہیں اس کے معنی صحیح نہیں ہوتے ؛چونکہ میری بیٹی جمعہ کے دن پیدا ہوئی ہے اور میں اس کے لیے صحیح معنی والا اور اسلامی نام رکھنا چاہتا ہوں ۔

برائے مہربانی جمعہ کے دن کے لحاظ سے  اسلامی نام تجویز کرے ۔ 

جواب

واضح رہے کہ جس نام کا تلفظ اور معنی درست ہو وہ نام رکھا جاسکتاہے۔ نام رکھنے میں تاریخِ پیدائش یا وقتِ پیدائش کا کوئی اعتبار اور شرعی حیثیت نہیں ہے، البتہ بہتر  یہ ہے کہ لڑکی کا نام حضرات اُمہات المؤمنین اور صحابیات رضی اللہ عنہن کے ناموں پر نام رکھا  جائے ، یہ باعث خیر وبرکت بھی ہے ۔

لڑکی کےلیے اسلامی ناموں میں سے  اُمہات المومنین اور   صحابیات رضی اللہ عنہن وغیرہ کےچند اسماء گرامی درج ذیل ہیں: 

عائشہ،فاطمہ، نائلہ، آمنہ، خالدہ، راشدہ، ساجدہ،ماریہ،اُمامہ،    خَدِیجہ، مَیمُونہ، صَفِیّہ،رَملہ، حَفصہ،سَودَہ، حَمنہ، زَکّیہ ، تقیہ، رُقَیّہ، کُلُثُوم، جُوَیرِیہ، بَرِیرَہ، بُرَیدَہ،حَوّاء، خَولہ ، خَنساء، رَیحانہ، حَسّانَہ، مَریم، سُعاد، نَفِیسَہ۔ 

اس سلسلہ میں ہمارے جامعہ کی ویب سائٹ پر اسلامی نام کے سیکشن سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔

سنن أبی داود  میں ہے:

"عن أبي الدرداء، قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: إنكم تدعون يوم القيامة بأسمائكم، وأسماء آبائكم، فأحسنوا أسماءكم."

ترجمہ:”حضرت ابو الدرداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: تم لوگوں کو قیامت کے دن تمہارے اور تمہارے باپ کے نام سے پکارا جائے گا، لہٰذا اپنے نام اچھے رکھو۔ (یعنی والدین اولاد کے نام اچھے رکھیں)۔“

( كتاب الأدب، باب في تغيير الأسماء، ج: 4، ص: 287، ط: المكتبة العصرية)

فقط والله أعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144803100231
تاریخ16-11-2026

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں