
ہمارے گاؤں میں ایک زمین کا مقدمہ عدالت میں چل رہا ہے۔ ایک فریق نے کچھ لوگوں کو پیسے دے کر عدالت میں یہ گواہی دلوائی کہ فلاں زمین چالیس سال سے اس ہی کے قبضے میں ہے، حالانکہ گواہ خود جانتے ہیں کہ بات اس کے برعکس ہے۔ اس طرح جھوٹی گواہی دینے والوں کے لیے کیا حکم ہے؟ اور آئندہ ان کی گواہی معتبر ہو گی یا نہیں؟
کسی کو غلط یا صحیح ثابت کرنے کے لیے جھوٹی گواہی دینا گناہِ کبیرہ ہے، حتیٰ کہ رسول اللہ ﷺ نے اسے شرک کے برابر قرار دیا ہے؛ اور اگر کسی مرد یا عورت پر جھوٹی گواہی دینے کا جرم شرعی شہادت یا اقرار سے ثابت ہو جائے تو قاضی اسے تعزیراً سزا دے گا، نیز آئندہ جب تک وہ توبہ نہ کرے اس کی گواہی معتبر نہیں ہو گی۔
مشکوٰۃ المصابیح میں ہے:
"وعن خريم بن فاتك قال: صلى رسول الله صلى الله عليه وسلم صلاة الصبح، فلما انصرف قام قائماً فقال: «عدلت شهادة الزور بالإشراك بالله» ثلاث مرات، ثم قرأ: {فاجتنبوا الرجس من الأوثان واجتنبوا قول الزور حنفاء لله غير مشركين به}. رواه أبو داود وابن ماجه."
(كتاب الإمارة والقضاء، باب الأقضية والشهادة، ج:2، ص:339، ط: رحمانية)
ترجمہ: ”حضرت خریم بن فاتک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ایک دن رسول کریم ﷺ جب صبح کی نماز پڑھ کر فارغ ہوئے تو کھڑے ہوئے اور تین مرتبہ یہ الفاظ فرمائے کہ ’جھوٹی گواہی شرک باللہ کے برابر کی گئی ہے‘، اس کے بعد آپ ﷺ نے بطورِ دلیل یہ آیت تلاوت فرمائی: ’بتوں کی نجاست سے بچو اور جھوٹی بات سے اجتناب کرو، اللہ کے لیے یکسو ہوتے ہوئے، اس کے ساتھ شرک کرنے والے نہ بنو‘۔“
فتاویٰ شامی میں ہے:
"(من ظهر أنه شهد بزور) بأن أقر على نفسه ولم يدع سهواً أو غلطاً كما حرره ابن الكمال، ولا يمكن إثباته بالبينة لأنه من باب النفي (عزر بالتشهير) وعليه الفتوى سراجية، وزاد ضربه وحبسه مجمع. وفي البحر: وظاهر كلامهم أن للقاضي أن يسحم وجهه إذا رآه سياسة، وقيل: إن رجع مصراً ضرب إجماعاً، وإن تائباً لم يعزر إجماعاً، وتفويض مدة توبته لرأي القاضي على الصحيح لو فاسقاً، ولو عدلاً أو مستوراً لا تقبل شهادته أبداً. قلت: وعن الثاني تقبل، وبه يفتى، عيني وغيره، والله أعلم. (قوله شهد بزور) والرجال والنساء فيها سواء، بحر عن كافي الحاكم... (قوله أبداً) لأن عدالته لا تعتمد، منلا علي."
(كتاب الشهادات، باب الشهادة على الشهادة، ج: 3، ص: 503، ط: سعيد)
فقط واللہ اعلم
فتویٰ نمبر : 144803100172
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن