بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 ربیع الثانی 1448ھ 30 ستمبر 2026 ء

دارالافتاء

 

شیخ عبد القادر جیلانی رحمہ اللہ کی کتب


سوال

 شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کی کون سی کتب مستند ہیں، اور ان میں سے کون سی کتب ایسی ہیں جن کے اردو تراجم دیوبندی علماء نے کیے ہوں یا جن کا مضمون و منہج اکابرِ دیوبند اور حنفی مکتبِ فکر کے عقا ئد و اصول سے متصادم نہ ہو؟ خصوصاً اگر آپ مستند کتب کے نام، ان کے قابلِ اعتماد اردو تراجم اور مترجمین کے نام بھی بتا دیں تو بہت مفید ہوگا، تاکہ غیر مستند یا متنازع کتب سے بچا جا سکے۔

جواب

شیخ عبد القادر جیلانی رحمہ اللہ مسلکاً حنبلی تھے، حنابلہ عقائد میں شیخ ابو الحسن اشعری رحمہ اللہ کے متبع ہیں اور احناف عقائد میں شیخ ابو منصور  ماتریدی رحمہ اللہ کے متبع ہیں، اور دونوں کے درمیان عقائد میں تقریباً تیرہ  مسائل میں اختلاف ہے جو کہ لفظی ہے، حقیقی نہیں ہے،البتہ اصولی عقائد میں دونوں متفق ہیں، لہٰذا جزوی مسائل میں اختلاف اہمیت کا حامل نہیں ہے، تاہم بعض لوگوں نے ان کے سامنے امام ابو حنیفہ ؒ کے بارے میں کچھ غلط بیانی کی ہے، اس وجہ سے کچھ باتیں درست نہیں یہں، جیسا کہ امام ابو حنیفہ ؒ کا مرجیہ ہونا وغیرہ، باقی شیخ عبد القادر جیلانی رحمہ اللہ کی طرف منسو ب  مشہور کتب جن کا تذکرہ علامہ زرکلی نے اپنی کتاب الأعلام میں کیا ہے یہ ہیں:

  1. الغنية لطالبي طريق الحق
  2. الفتح الرباني 
  3. فتوح الغيب 
  4. الفيوضات الربانية 

شیخ ؒ کی کسی خاص کتاب یا کسی کتاب کے کسی خاص ترجمہ کے بارے میں سوال ہو، تو اس کے ترجمہ کا نام اور مترجم کا نام اور تعارف ذکر کر کے معلوم کیا جاسکتا ہے۔

الأعلام للزركلي میں ہے:

"عبد القادر بن موسى بن عبد الله بن جنكي دوست الحسني، أبو محمد، محيي الدين الجيلاني، أو الكيلاني، أو الجيلي: مؤسس الطريقة القادرية. من كبار الزهاد والمتصوفين. ولد في جيلان (وراء طبرستان) وانتقل إلى بغداد شابا، سنة 488 هـ فاتصل بشيوخ العلم والتصوف، وبرع في أساليب الوعظ، وتفقه، وسمع الحديث، وقرأ الأدب، واشتهر. وكان يأكل من عمل يده. وتصدر للتدريس والإفتاء في بغداد سنة 528 هـ وتوفي بها. له كتب، منها " الغنية لطالب طريق الحق - ط " و " الفتح الرباني - ط " و " فتوح الغيب - ط " و " بالفيوضات الربانية - ط ."

(لأعلام للزركلي، ج:4، ص:47، ط:دار العلم للملايين)

فقط واللہ اعلم


فتویٰ نمبر : 144802101977

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں