بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

8 جمادى الاخرى 1448ھ 19 نومبر 2026 ء

دارالافتاء

 

لوگوں سے ماہانہ متعین رقم جمع کرکے ان پر آنے والی مشکلات میں خرچ کرنے والی کمیٹی کی شرعی حیثیت

سوال

ایک قوم کے بڑوں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ قوم کا ہر بندہ ماہانہ 100 روپے جمع کرے گا، باقی کوئی اس سے زیادہ جمع کرے یا کم اس کی مرضی ہے، لیکن متعین ایک سو روپے ہیں۔ اب تقریباً ساڑھے سات لاکھ روپے جمع ہوگئے ہیں۔

مذکورہ فنڈ جمع کرنے سے مقصد یہ ہے کہ فنڈ جمع کرنے والوں کو اگر کوئی مشکل پیش آ جائے، تو اس فنڈ سے اس کی مدد کی جائے گی۔

اب ایک مفتی صاحب کا کہنا ہے کہ: یہ ترتیب جائز نہیں، اور اس کی وجوہات انہوں نے یہ بیان کی ہیں:

1- کسی کے ساتھ مدد کرنا تبرع ہے، جس کے لیے 100 روپے متعین کرکے اس پر جبر نہیں کیا جاسکتا۔

2- مذکورہ رقم جمع کرنے میں ہو سکتا ہے اس کی خوش دلی نہ ہو، جو کہ درست نہیں ہے۔

3- اس میں قمار کا بھی شبہ ہے؛ کیونکہ اس نے جو رقم جمع کی ہے ہو سکتا ہے اس کی مشکل پر اس سے زیادہ رقم خرچ ہو، یا اس سے کم، تو یہ گویا اپنی جمع کردہ رقم سے زیادہ سہولت یا اس سے کم سہولت لے رہا ہے۔

4- یہ فنڈ کس نیت سے جمع کر رہا ہے؟ اگر امانت کی نیت سے جمع کر رہا ہے، تو امانت کی رقم کو خرچ کرناتو دور کی بات، تبدیل بھی نہیں کرسکتے ہیں، اور اگر وقف کی نیت سے جمع کر رہا ہے، تو پھر یہ وقف علی النفس ہونا لازم آئے گا، کیونکہ وقف میں مال اس کی ملکیت سے نکل کر اللہ کی ملکیت میں داخل ہو جاتا ہے، اب اگر اس پر کوئی مشکل آ جائے تو یہ اسی پر خرچ ہوگا جو کہ وقف علی النفس ہونے کی وجہ سے درست نہیں ہے۔ اور اگر یہ کہا جائے کہ نہ امانت ہے اور نہ قرض، بلکہ جمع کرنے والوں کو اپنی رقم خرچ کرنے کی اجازت دی ہے، تو اس صورت میں یہ رقم ان کے پاس قرض شمار ہوگی، اس صورت میں اس پر زکوٰۃ بھی واجب ہوگی، اور اگر جمع کرنے والا شخص مر گیا، تو یہ رقم اس کے ورثاء کو واپس کی جائے گی۔ نیز یہ بندہ زندگی میں اپنی اس رقم کی واپسی کا مطالبہ بھی کر سکتا ہے۔

اب سوال یہ ہے کہ:

1- کیا مذکورہ مفتی صاحب کی یہ بات درست ہے؟

نیز درج ذیل صورتوں میں کون سی صورت جائز ہے اور کون سی صورت جائز نہیں ہے:

1- قوم کا ہر بندہ ایک سو روپے جمع کرے گا، پھر جمع شدہ فنڈز سے جنہوں نے فنڈز جمع کیے ہیں ان کی مدد کی جائے گی، جنہوں نے نہیں کیے ان کی مدد نہیں کی جائے گی۔

2- مذکورہ فنڈ اپنی قوم کے ہر بندے کی مشکل میں خرچ ہوگا، چاہے کسی نے رقم جمع کی ہو یا نہ کی ہو۔

3- مذکورہ فنڈ ہر خاص و عام (چاہے قوم میں سے ہو یا غیر قوم سے ہو) پر خرچ کیا جائے گا۔

نیز متبادل ایسا طریقہ بتا دیں جس کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ مشکل میں تعاون بھی ہو، فنڈ جمع کرنے والوں پر زکوٰۃ بھی لازم نہ آئے، اور نہ ان کی موت کے بعد یہ رقم ان کے ورثاء کو واپس کرنی پڑے۔

جواب

مسلمانوں کا ایک دوسرے کے ساتھ ہمدردی کرنا ایک نیک اور مستحسن عمل ہے، خصوصاً جب کسی مسلمان بھائی پر کوئی حادثہ یا مشکل آجائے تو عزیز و اقارب اور پڑوسیوں سب کو مل کر اپنے اس بھائی کے ساتھ ہمدردی کرنی چاہیے؛ لہٰذا اگر ایسی کمیٹی قائم کی جائے جس میں  شمولیت ممبران کی رضامندی پر موقوف ہو ، وہ ماہانہ یا سالانہ بنیاد پر ایک متعین رقم بطورِ عطیہ جمع کریں اور   طے شدہ ضوابط کے مطابق خرچ کیا جائے تو شرعًا جائز ہے۔ 

البتہ لوگوں کی رضامندی کے بغیر انھیں کمیٹی میں شامل کرنا، ان سے  زبردستی چندہ وصول کرنا اور  نہ دینے کی صورت میں انھیں طعن وتشنیع کا نشانہ بنانا  شرعًا درست نہیں ہے۔

قرآنِ کریم میں ہے:

{وَتَعَاوَنُوا عَلَى الْبِرِّ وَالتَّقْوَى وَلاتَعَاوَنُوا عَلَى الإِثْمِ وَالْعُدْوَانِ وَاتَّقُوا اللَّهَ إِنَّ اللَّهَ شَدِيدُ الْعِقَابِ} [المائدة: 2]

ترجمہ: اور ایک دوسرے کا تعاون کرو نیکی اور تقویٰ کے کاموں میں، اور گناہ اور زیادتی کے کاموں میں ایک دوسرے کا تعاون نہ کرو، اور اللہ کا لحاظ کرو، بے شک اللہ تعالیٰ سخت بدلہ دینے والا ہے۔

مشکوٰۃ المصابیح میں ہے:

"وعن أبي حرة الرقاشي عن عمه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: ألا لا تظلموا ألا لا يحل مال امرئ إلا بطيب نفس منه. رواه البيهقي في شعب الإيمان والدارقطني في المجتبى."

(کتاب البیوع، باب الغصب والعارية، الفصل الثانی، ج: 2، ص: 889، رقم: 2946، ط:المكتب الإسلامي)

ترجمہ:''حضرت ابو حرہ رقاشی رحمہ اللہ اپنے چچا سے نقل کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ   نے فرمایا :خبردار کسی پر ظلم مت کرنا !جان لو!کسی بھی دوسرے شخص کا مال لینا یا استعمال کرنا اس کی مرضی وخوشی کے بغیر حلال نہیں'' ۔(مظاہر حق)

فقط واللہ اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144802101720
تاریخ19-11-2026

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں