
ریاض الجنہ میں میں نوافل پڑھنے کے لیے نسک ایپ سے اجازت کی ضرورت ہوتی ہے ، اور سعودیہ گورنمنٹ کے قانون کے مطابق ایک پرمٹ پر ایک آدمی جائے گا۔ لیکن کچھ دنوں سے نسک ایپ کے سسٹم میں مسائل کی وجہ سے ایک پرمٹ پر ایک سے زیادہ آدمی جا رہے ہیں ، اور انتظامیہ کو بعض اوقات سسٹم میں شو ہو جاتا ہے کہ ایک پرمٹ پر زیادہ آدمی آ رہے ہیں ، کبھی شو نہیں ہوتا ۔ کیا اس طرح سے ریاض الجنہ جانا جائز ہے ؟ یا یہ دھوکا اور جھوٹ کے زمرے میں آتا ہے ۔
صورتِ مسئولہ میں ایک فرد کے پرمٹ پر ایک سے زیادہ لوگوں کا ریاض الجنہ جانا یا غیر قانونی ذرائع استعمال کرکے پرمٹ حاصل کرنا دھوکا دہی کے زمرے میں آتا ہے، نیز اس سے انتظامی قوانین کی خلاف ورزی بھی لازم آتی ہے جس سے بدنظمی پیدا ہونے کا قوی امکان ہے، اور کسی بھی قسم کی بد نظمی کا سبب بننا شرعًا جائز نہیں، لہذا ایک فرد کے پرمٹ پر کئی لوگوں کا ریاض الجنۃ جانا درست نہیں ہے۔
فقط واللہ تعالی اعلم
فتویٰ نمبر : 144801100153
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن