بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

28 جُمادى الأولى 1448ھ 09 نومبر 2026 ء

دارالافتاء

 

استخارہ کن امور میں مشروع ہے؟ کاروبار، نکاح اور دیگر معاملات میں استخارہ کا شرعی حکم

سوال

استخارہ کن امور کے لیے جائز ہے کاروبار ، شادی نکاح وغیرہ

 
 
 

جواب

استخارہ کے بارے میں واضح رہے کہ نبی کریم ﷺ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو استخارہ اسی اہتمام سے سکھاتے تھے جس اہتمام سے قرآن کریم کی کوئی سورت یا آیت سکھاتے تھے۔ استخارہ کا دائرہ ہر اس معاملے پر محیط ہے جو جائز اور اختیاری ہو، یعنی جس کے کرنے یا نہ کرنے کا انسان کو اختیار ہو۔ چناں چہ نکاح و شادی، کاروبار و تجارت، سفر، گھر یا زمین کی خریداری، ملازمت، کسی جائز کام کا آغاز — یہ سب امور استخارے کے دائرے میں آتے ہیں بلکہ ان اہم معاملات میں استخارہ کرنا انتہائی مستحسن اور باعثِ برکت ہے۔ 

البتہ جو امور واجب یا فرض ہیں ان کے بارے میں استخارہ نہیں کیا جاتا، کیوں کہ استخارہ اختیاری معاملات میں اللہ تعالیٰ سے خیر طلب کے لیے ہے، واجبات کی ادائیگی میں تو شریعت نے پہلے ہی رہنمائی کر دی ہے۔ اسی طرح استخارہ مستقبل کی غیبی خبریں جاننے کے لیے نہیں ہوتا، بلکہ اس کا مقصد صرف اللہ تعالیٰ سے خیر طلب کرنا اور اپنے معاملے کو اس کے سپرد کرنا ہے۔

استخارہ خود کرنا زیادہ افضل ہے۔ استخارے کے بعد کوئی خواب آنا ضروری نہیں، بلکہ اصل بات قلبی رجحان اور اطمینان ہے، جس طرف دل مائل ہو اور جس کام کی خوبیاں واضح ہوں وہ کام کریں۔ نیز استخارے کے ساتھ ساتھ دین دار اور تجربہ کار لوگوں سے مشورہ بھی کرنا چاہیے، اور مستحب یہ ہے کہ پہلے مشورہ کیا جائے پھر استخارہ کیا جائے۔

سننِ ترمذی میں ہے:

"حدثنا قتيبة قال: حدثنا عبد الرحمن بن أبي الموالي، عن محمد بن المنكدر، عن جابر بن عبد الله، قال: كان رسول الله صلى الله عليه وسلم ‌يعلمنا ‌الاستخارة في الأمور كلها كما يعلمنا السورة من القرآن".

ترجمہ: ’’حضرت جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلى الله عليه وسلم ہم (صحابہٴ کرام رضی اللہ تعالی عنہم) کو تمام کاموں میں استخارہ اتنی اہمیت سے سکھاتے تھے جیسے قرآن مجید کی سورت کی تعلیم دیتے تھے‘‘۔

(أبواب الوتر، باب ما جاء في صلاۃ الاستخارة، ج:2، ص:345، رقم الحدیث:480، ط:مصطفى البابي الحلبي مصر)

مشکاۃ المصابیح میں ہے:

"وعن سعد قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «‌من ‌سعادة ‌ابن آدم رضاه بما قضى الله له ومن شقاوة ابن آدم تركه استخارة الله ومن شقاوة ابن آدم سخطه بما قضى الله له» . رواه أحمد والترمذي وقال: هذا حديث غريب".

(كتاب الآداب، باب التوکل و الصبر، ج:3، ص:1459، رقم الحدیث:5303، ط:المكتب الاسلامي بيروت)

 مرقاة المفاتیح میں ہے:

"ثم المستحب دعاء الإستخارة بعد تحقق المشاورة في الأمر المهم من الأمور الدينية والدنيوية وأقله أن يقول اللهم خر لي واختر لي ولا تكلني إلى اختياري والأكمل أن يصلي ركعتين من غير الفريضة ثم يدعو بالدعاء المشهور في السنة على ما قدمناه في کتاب الصلاة".

(باب التوكل و الصبر، ج:8، ص:3326، الرقم:5303، ط:دار الفكر بيروت)

فقط و اللہ اعلم

 

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144712100726
تاریخ09-11-2026

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں