ارحا نام رکھنا کیسا ہے؟
سوال
ارحا(Arha) نام رکھنا کیسا ہے؟
جواب
”ارحا“ کا معنیٰ ہے: چکیاں ( آٹا پیسنے والی چکیاں)، داڑھیں جو غذا کو پیسنے میں چکی کا کام دیتی ہیں ؛ اوپر نیچے کے بارہ دانت جو ضواحک کے پیچھے ہوتے ہیں۔
چونکہ معنیٰ کے لحاظ سے اس کا اچھا معنی نہیں ہے، لہٰذا یہ نام نہیں رکھنا چاہیے۔اچھے اور بامعنی ناموں کے انتخاب کے سلسلے میں ہماری ویب سائٹ پر ”اسلامی نام“ کے سیکشن سے کسی نام کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔
ترمذی شریف میں ہے:
" عن ابن عمر، عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: أحب الأسماء إلى الله عبد الله وعبد الرحمن."
ترجمہ:’’عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ کے نزدیک سب سے پسندیدہ نام عبداللہ اور عبدالرحمٰن ہیں۔‘‘
(أبواب الأداب عن رسول الله صلى الله عليه وسلم، باب ما جاء ما يستحب من الأسماء، ج: 2، ص: 520، ط: دار الغرب الإسلامي، بيروت)
فتاوی شامی میں ہے:
"(قوله: أحب الأسماء إلخ) هذا لفظ حديث رواه مسلم وأبو داود والترمذي وغيرهم عن ابن عمر مرفوعا. قال المناوي وعبد الله: أفضل مطلقا حتى من عبد الرحمن، وأفضلها بعدهما محمد، ثم أحمد ثم إبراهيم اهـ. "
(کتاب الحظر والإباحة، باب الاستبراء وغيره، ج: 6، ص: 417، ط: سعید)
القاموس الوحید میں ہے:
" رحا الرحى -ُ رحواً چکی بنانا۔۔۔ الرحى و الرحا : چکی - آٹا پیسنے کی - ج: أرح، أَرحاء، أرحية، رُحِي. "
( ص: 609، ط: ادارہ اسلامیات )
فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

