سفر پر روانگی سے پہلے کی رات بیوی سے ہم بستری کرنے کا شرعی حکم
سوال
میں نے صبح سویرے ایک سفر پر روانہ ہونا ہے۔ کیا روانگی سے پہلے کی رات اپنی بیوی سے ہم بستری کرنا جائز ہے، یا شریعت میں اس کی ممانعت آئی ہے؟ نیز کیا طبی اعتبار سے سفر سے پہلے ایسا کرنے میں کوئی جسمانی نقصان بھی ہے؟
جواب
واضح رہے کہ شریعتِ مطہرہ نے میاں بیوی کی ہم بستری کے لیے کوئی خاص وقت مقرر نہیں کیا، اور نہ کسی دن یا رات کو اس سے مستثنیٰ قرار دیا ہے۔ ممانعت صرف ان حالتوں میں ہے جن میں کوئی شرعی مانع موجود ہو، جیسے بیوی کا حیض یا نفاس کی حالت میں ہونا، احرام کی حالت، روزے کی حالت، اور ظہار کی صورت میں کفارہ ادا کرنے سے پہلے کا وقت۔
لہٰذا صورتِ مسئولہ میں اگر بیوی پاکی کی حالت میں ہو اور کوئی دوسرا شرعی مانع نہ پایا جائے، تو صبح سفر پر نکلنے والے شوہر کے لیے رات کے وقت اپنی بیوی سے ہم بستری کرنا جائز ہے۔ شرعاً اس میں کوئی ممانعت یا کراہت نہیں۔
باقی یہ سوال کہ طبی اعتبار سے اس میں کوئی جسمانی نقصان ہے یا نہیں، شرعی مسئلہ نہیں ہے۔ اس بارے میں کسی ماہر اور دیانت دار ڈاکٹر سے مشورہ کر لیا جائے۔
صحیح البخاری میں ہے:
"عن إبراهيم بن محمد بن المنتشر عن أبيه قال: ذكرته لعائشة، فقالت: يرحم الله أبا عبد الرحمن، كنت أطيب رسول الله صلى الله عليه وسلم، فيطوف على نسائه، ثم يصبح محرما ينضخ طيبا."
(كتاب الغسل، باب إذا جامع ثم عاد ومن دار على نسائه في غسل واحد، رقم: 267، ج:1، ص:62، ط: السلطانية)
ترجمہ:
ابراہیم بن محمد بن المنتشر اپنے والد محمد بن المنتشر رحمہ اللہ سے روایت کرتے ہیں۔ انہوں نے فرمایا کہ میں نے (حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کی بات) حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے ذکر کی، تو انہوں نے فرمایا: اللہ تعالیٰ ابو عبد الرحمن (حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما) پر رحم فرمائے، میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خوشبو لگاتی تھی، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی ازواجِ مطہرات کے پاس تشریف لے جاتے، پھر صبح احرام کی حالت میں کرتے اور آپ سے خوشبو مہک رہی ہوتی۔
صحیح مسلم میں ہے:
"عن إبراهيم بن محمد بن المنتشر عن أبيه قال: سألت عبد الله بن عمر رضي الله عنهما عن الرجل يتطيب ثم يصبح محرما؟ فقال: ما أحب أن أصبح محرما أنضح طيبا، لأن أطلي بقطران أحب إلي من أن أفعل ذلك. فدخلت على عائشة رضي الله عنها فأخبرتها أن ابن عمر قال: ما أحب أن أصبح محرما أنضخ طيبا، لأن أطلي بقطران أحب إلي من أن أفعل ذلك. فقالت عائشة: أنا طيبت رسول الله صلى الله عليه وسلم عند إحرامه، ثم طاف في نسائه، ثم أصبح محرما."
(كتاب الحج، باب الطيب للمحرم عند الإحرام، رقم: 1192، ج:2، ص:849، ط: دار إحياء التراث العربي)
ترجمہ:
ابراہیم بن محمد بن المنتشر اپنے والد محمد بن المنتشر رحمہ اللہ سے روایت کرتے ہیں۔ انہوں نے فرمایا کہ میں نے حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے اس شخص کے بارے میں پوچھا جو خوشبو لگائے، پھر صبح احرام کی حالت میں کرے۔ انہوں نے فرمایا: مجھے یہ پسند نہیں کہ میں احرام کی حالت میں صبح کروں اور مجھ سے خوشبو مہک رہی ہو، تارکول مل لینا مجھے اس سے زیادہ پسند ہے۔ پھر میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس گیا اور انہیں بتایا کہ ابن عمر رضی اللہ عنہما یوں فرماتے ہیں۔ تو حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو احرام کے وقت خوشبو لگائی، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی ازواجِ مطہرات کے پاس تشریف لے گئے، پھر صبح احرام کی حالت میں کی۔
بدائع الصنائع میں ہے:
"أما الأصلية منها، فحل الوطء إلا في حالة الحيض والنفاس والإحرام وفي الظهار قبل التكفير... وللزوج أن يطالبها بالوطء متى شاء إلا عند اعتراض أسباب مانعة من الوطء كالحيض والنفاس والظهار والإحرام وغير ذلك."
(كتاب النكاح، فصل بيان حكم النكاح، ج:2، ص:331، ط: دار الكتب العلمية)
فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

