عمرہ زائرین کا حرم جانے کے لیے دوسرے ہوٹل کی ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کا شرعی حکم
سوال
دوران عمرہ اپنے ہوٹل سے حرم جانے کے لیے اپنے ہوٹل کی ٹرانسپورٹ دستیاب نہ ہونے کی صورت میں ساتھ والے ہوٹل کی یا کسی اور ہوٹل کی ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کا کیا حکم ہے؟
جواب
بصورتِ مسئولہ حرم کے رہائشی ہوٹلوں کی طرف سے مہمان زائرین کے لیے فراہم کی جانے والی ٹرانسپورٹ چونکہ عام اور عوامی نہیں بلکہ خاص طور پر انہی افراد کے لیے ہوتی ہے جو اس ہوٹل میں بکنگ کروا کر مقیم ہوں، اس لیے کسی دوسرے ہوٹل کی ٹرانسپورٹ اس کی انتظامیہ کو لاعلم رکھ کر استعمال کرنا شرعاً جائز نہیں۔البتہ اگر ساتھ والے ہوٹل یا ٹرانسپورٹ انتظامیہ دیگر ہوٹل کے زائرین کو بھی اپنی ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی اجازت دے دیں تو ایسی صورت میں اس دوسرے ہوٹل کی ٹرانسپورٹ کا استعمال جائز ہوگا۔
الاختیار للتعلیل میں ہے:
"لا يحل الانتفاع بمال المسلم إلا بطيبة من نفسه."
(ج:4، ص:127، ط:دار الكتب العلمية)
فقط والله اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

