بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

8 جمادى الاخرى 1448ھ 19 نومبر 2026 ء

دارالافتاء

 

سری اور جہری تلاوت کا مسئلہ

سوال

 (1)ایک مسجد کا مائیک بہت اعلی اور عمدہ ہے اسپیکر سسٹم بھی ہائی کوالٹی کا ہے بعض مرتبہ سری نمازوں میں امام تو سراً ہی پڑھتا ہے لیکن مائیک کی عمدگی کی وجہ سےاسپیکر کے قریب کھڑے ہونے والے نمازی کو امام کی قراءت صاف سنائی دیتی ہے تو پوچھنا یہ ہے کہ امام تو سراً پڑھتا ہے لیکن مائیک کی وجہ سے امام کی آواز کچھ مقتدیوں کو صاف سنائی دیتی ہے تو کیا یہ جہر کے حکم میں ہے؟ اگر ہے تو اتنے سالوں سے پڑھائی ہوئی ان سری نمازوں کا کیا حکم ہوگا؟

(2) سر اور جہر کے وجوب کا تعلق صرف قراءت سے ہے یا نماز کے ہر اذکار سے ؟یعنی تشہد یا درود یا رکوع و سجود کی تسبیح جہراً پڑھ لی تو اس سے نماز میں اثر پڑے گا ؟

(3) فرض کی تیسری یا چوتھی رکعت میں امام صاحب نے سورۂ فاتحہ جہرا ًپڑھ لی تو سجدۂ سہو واجب ہوگا ؟

جواب

1.فقہاء نے سری نماز  میں ”سر“ کی تعریف یہ کی ہے کہ امام یا نمازی اپنی قراءت اتنی آواز سے کرے کہ خود سن سکے، دوسرے نہ سنیں۔ اگر امام نے واقعی سری انداز ہی اختیار کیا ہے، لیکن مائیکروفون اور اسپیکر کی وجہ سے آواز بڑھ گئی اور مقتدی کو سنائی دے گئی، تو یہ امام کے جہر کے حکم میں نہیں آئے گا؛ کیونکہ جہر یا سر کا اعتبار امام کے اپنے تلفظ سے ہوتا ہے، نہ کہ کسی آلے یا مشین کی تقویت سے۔لہٰذا اب تک جتنی نمازیں ادا ہوئیں، سب درست اور صحیح ہیں، ان کے اعادے کی کوئی ضرورت نہیں۔البتہ اسپیکر کو ایسے سیٹ کیا جائے کہ  سر کی آواز لوگوں کو نہ آئے۔

2.نماز میں جو  اَذکار انفرادی طور پر پڑھے جاتے ہیں ان کو  آہستہ آواز سے پڑھنا مسنون ہے،  جہراً نہیں پڑھنا چاہیے۔لہذا منفرد اور مقتدی کو  تکبیراتِ انتقال، اور ہر نمازی (بشمول امام) کو رکوع و سجود کی تسبیحات اور تشہد  آہستہ پڑھنا چاہیے،  جہراً نہیں پڑھنا چاہیے،   تاہم اگر کوئی شخص عمداً یا سہواً جہری طور پر پڑھ لیتا ہے تو  سجدۂ  سہو لازم نہیں ہو گا، تاہم یہ طریقہ سنت کے خلاف ہے، لہٰذا عمداً ہونے کی صورت میں مکروہ ہوگا۔

3. اگر امام نے سری رکعتوں میں سورۂ فاتحہ بلند آواز سے پڑھ لی اور جہراً تلاوت کی  مقدار اگر تین تسبیح یا اس سے زیادہ  ہو تو سجدۂ سہو کرنا واجب ہوگا، اگر سجدۂ سہو نہیں کیا تو اس نماز کے وقت کے اندر اعادہ کرنا لازم ہوگا، اور وقت کے اندر اعادہ نہیں کیا تو اب اعادہ واجب نہیں ہے، البتہ مستحب ہے۔

فتاوی ہندیہ میں ہے:

"(وَمِنْهَا: الْجَهْرُ وَالْإِخْفَاءُ) حَتَّى لَوْ جَهَرَ فِيمَا يُخَافَتُ أَوْ خَافَتَ فِيمَا يُجْهَرُ وَجَبَ عَلَيْهِ سُجُودُ السَّهْوِ، وَاخْتَلَفُوا فِي مِقْدَارِ مَا يَجِبُ بِهِ السَّهْوُ مِنْهُمَا، قِيلَ: يُعْتَبَرُ فِي الْفَصْلَيْنِ بِقَدْرِ مَا تَجُوزُ بِهِ الصَّلَاةُ وَهُوَ الْأَصَحُّ، وَلَا فَرْقَ بَيْنَ الْفَاتِحَةِ وَغَيْرِهَا، وَالْمُنْفَرِدُ لَايَجِبُ عَلَيْهِ السَّهْوُ بِالْجَهْرِ وَالْإِخْفَاءِ؛ لِأَنَّهُمَا مِنْ خَصَائِصِ الْجَمَاعَةِ، هَكَذَا فِي التَّبْيِينِ".

(الْبَابُ الثَّانِي عَشَرَ فِي سُجُودِ السَّهْوِ، ١/ ١٢٨)

 فقط واللہ اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144702101676
تاریخ18-11-2026

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں