بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

7 جُمادى الأولى 1448ھ 19 اکتوبر 2026 ء

دارالافتاء

 

طلباء کے لیے آئے ہوئے ائیر کولر کیا مدرسہ کا استاذ استعمال کرسکتا ہے؟

سوال

 کسی نے دو ائیر کولر مدرسے میں طلباء  کے لیےدیے ہیں،کیا ان کولر کو مدرسے میں استاذ طلباء کے بغیر اپنے ذاتی استعمال کےلئے چلاسکتا ہے یا نہیں؟اسی طرح اگر باہر کا کوئی مولانا مہمان بن کر  مدرسے میں آجائے تو اس کےلئے کولر استعمال کرنے کا کیا حکم ہے؟

جواب

صورت مسئولہ میں  ائیر کولر دینے والے نے اگر صراحتایہ کہا ہو کہ یہ ائیر کولر صرف طلباء کے لیے ہیں تو اس صورت میں طلباء کی اجازت کے بغیر اساتذہ یا باہر کے مہمان کے لیے ائیرکولر کا  استعمال کرنا درست نہیں ہوگا،البتہ  دینے والے نے اگر صراحت نہ کی ہو بلکہ مدرسہ کے نام پر دیے ہوں یا ساتھ میں اساتذہ کےلیےبھی  استعمال کی اجازت دی ہو تو اس صورت میں  اساتذہ کے لیے استعمال کرنا جائز ہے، تاہم اس صورت  میں اساتذہ کا ایئرکولر اپنے استعمال کے لیے مختص کرلینا اور طلباء کو اس سے محروم رکھنا درست نہیں ہوگا۔

فتاوی شامی میں ہے:

"صرحوا بأن مراعاة غرض الواقفين واجبة."

(کتاب الوقف، مطلب مراعاۃ غرض الواقفین واجب، ج:4، ص: 445، ط:سعيد )

وفيه ايضاً:

"‌شرط ‌الواقف كنص الشارع أي في المفهوم والدلالة."

(‌‌كتاب الوقف، مطلب في قولهم ‌شرط ‌الواقف كنص الشارع، ج:4، ص:433، ط:سعيد)

البحرالرائق میں ہے:

"وجوب اتباع ‌شرط ‌الواقف على الناظر."

(كتاب الزكاة، باب مصرف الزكاة، ج:2، ص:266، ط:دار الكتاب الإسلامي)

فقط والله أعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144701100613
تاریخ04-07-2025

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں