بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 جُمادى الأولى 1448ھ 23 اکتوبر 2026 ء

دارالافتاء

 

ہمام اور وابل نام کا معنی

سوال

ہمام نام رکھنا کیسا ہے؟   میں اپنے بیٹے کا نام ہمام رکھ چکی ہوں،  مگر میرے شوہر کو یہ نام پسند نہیں آرہا ، ان کو اس نام کے بارے میں بگاڑنے کا خدشہ ہے،  نیز وابل نام کے معنی کیا ہیں؟ اس کی اصل بھی بتا دیجیے!

جواب

" ہمام"کے تلفظ کی دو صورتیں ہیں:

1۔ "هُمَام"  "ہاء"   پر  پیش کے ساتھ ،  اس  کا مطلب "بہادر و سخی سردار" ہے، یہ نام رکھنا اچھا ہے۔

2۔  "هَمَّام"  پڑھا جائے، یعنی "ہاء" پر زبر اور "میم" پر تشدید ۔ اس صورت میں اس کا مطلب "کر گزرنے والا آدمی" ہو گا۔

"وابل"  کےمعنی تیز موسلادھار بارش کے ہیں،  یہ   "بل یبل بلا" سے اسم فاعل کا صیغہ ہے۔دونوں ہی نام رکھنا درست ہے۔

حدیث شریف میں  ہے:

"وعن أبي وهب الجشمي قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «‌تسموا ‌أسماء الأنبياء وأحب الأسماء إلى الله عبد الله وعبد الرحمن وأصدقها حارث وهمام أقبحها حرب ومرة» . رواه أبو داود."

(‌‌مشكاة المصابيح، كتاب الآداب، باب الأسامي‌‌، الفصل الثالث، ج:3، ص349، ط: المكتب الإسلامي)

ترجمہ: حضرت ابو وہب جشمی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: انبیاءِ کرام علیہم السلام کے ناموں پر نام رکھو، اور اللہ کے نزدیک سب سے محبوب (ناموں میں سے) عبداللہ اور عبدالرحمٰن نام ہے، اور ناموں میں سے مصداق کے اعتبار سے سب سے سچے نام حارث اور ہمام ہیں، اور ناموں میں سے بدترین حرب اور مرۃ ہیں۔

القاموس الوحید:

"الهمام: بہادر سخی سردار، شیر، کوہان کا پگھلا ہوا حصہ، پگھل کر بہنے والا برف۔"

 (ص: 1398، ط؛ادار ہ اسلامیات)

وفیہ ایضاً:

"وبلت السماء_ وبلا وببولا: موسلا دھار بارش ہونا۔"

 (ص: 1415، ط؛ادار ہ اسلامیات)

فقط واللہ اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144501102737
تاریخ16-08-2023

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں