بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

9 جُمادى الأولى 1448ھ 21 اکتوبر 2026 ء

دارالافتاء

 

اللہ ہر جگہ موجود ہے

سوال

قرآن مجید کی کس آیت میں ہے کہ اللہ ہر جگہ موجود ہے؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں اللہ تعالی کے ہر جگہ موجود ہو نے کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالی سے کوئی چیز مخفی نہیں ہے  ،ہر جگہ موجود ہونے کا یہ مطلب نہیں ہے  کہ دو سری اشیاء کی طرح اللہ تعالی کے لئے بھی مکان  یا جسم ہے ،اس لئے کہ اللہ تعالی کی ذات جسم سے اور ہر مکان و زمان کی قید سے پاک ہے ، اور یہ مفہوم قرآن کریم کی بہت ساری آیات سے مستفاد ہے۔

قرآنِ کریم میں ہے:

"وَلِلَّهِ الْمَشْرِقُ وَالْمَغْرِبُ ۚ فَأَيْنَمَا تُوَلُّوا فَثَمَّ وَجْهُ اللَّهِ ۚ إِنَّ اللَّهَ وَاسِعٌ عَلِيمٌ (115)"

"ترجمہ :  اور الله کی مملوک ہیں (سب سمتیں) مشرق بھی اور مغرب بھی ۔ کیونکہ تم لوگ جس طرف منہ کرو ادھر (ہی ) الله تعالیٰ کا رخ ہے کیونکہ الله تعالیٰ ( تمام جہات کو) محیط ہیں کامل العلم ہیں۔"

(از بیان القرآن)

دوسری جگہ ہے:

"ونحن أقرب إليه من حبل الوريد"

"ترجمہ:اور ہم انسان کے اس قدر قریب ہیں کہ اسکی رگ گردن سے بھی زیادہ۔"

(از بیان القرآن)

تیسری جگہ ہے:

"وَ هُوَ مَعَكُمْ اَیْنَ مَا كُنْتُمْ وَ اللّٰهُ بِمَا تَعْمَلُوْنَ بَصِیْرٌ"

"ترجمہ:اور وہ تمہارے ساتھ رہتا ہے خواہ تم لوگ کہیں بھی ہو اور وہ تمہارے سب اعمال کو بھی دیکھتا ہے ۔"

(از بیان القرآن)

فتاویٰ محمودیہ میں   ہے:

’’اہلِ سنت و الجماعت کا عقیدہ ہے کہ اللہ تعالیٰ ہر جگہ موجود ہے، ہر صغیر و کبیر کا عالم ہے، کوئی ذرہ اس سے مخفی نہیں، نصوصِ صریحہ اور قطعیہ سے اس کا ثبوت ہے ۔۔۔ مگر اللہ تعالیٰ کے لیے دوسری اشیاء کی طرح کوئی مخصوص مکان محیط نہیں، کیوں کہ وہ مکانی نہیں، بلکہ واجب اور قدیم ہے اور مکان و زمان وغیرہ حادث اور اس کی پیدا کی ہوئی ہیں، پھر کوئی مکان وغیرہ کیسے محیط ہو سکتا ہے؟ ۔۔۔ اور بعض نصوص میں جو خاص مکان کی طرف اشارہ ہے تو وہاں یہ مراد نہیں کہ وہ مکان اللہ تعالیٰ کو محیط ہے، بلکہ اللہ تعالیٰ کی صفت علم یا کسی دوسری صفت کا خاص غلبہ اس جگہ مراد ہے۔‘‘

(فتاویٰ محمودیہ ،باب العقائد،مایتعلق باللہ تعالیٰ وصفاتہ،1/ 245     ط:دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی)

فقط واللہ اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144501100768
تاریخ26-07-2023

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں