بیرون ملک میں KFC کھانے کا حکم
سوال
میں بیرون ملک میں ہوں اور یہاں پر kFCہے، جو کہ فاسٹ فوڈ کی شاپ ہے، کیا وہاں سے فاسٹ فوڈ گوشت وغیرہ لے کر کھانا جائز ہے؟ جب کہ انہوں گوشت کے حلال ہونے کا سرٹیفیکیٹ بھی آویزاں کیا ہوا ہے؟
جواب
کے ایف سی کی اشیاءکے حرام یا حلال ہونے کا مدار ان کے گوشت اور کھانے کی تیاری میں شامل تمام اجزاء کے حلال یا حرام ہونے پر ہے، لہٰذا اگر مذکورہ کمپنی ایسی مرغی استعمال کرتی ہو، جو شرعی اصولوں کے مطابق ذبح نہ کی گئی ہو یا پکائی میں شامل مصالحہ جات میں شامل اجزاء خصوصاً چیز (پنیر) حلال نہ ہو، بلکہ اس میں کوئی حرام جزء شامل ہو تو اس کمپنی کی اشیاء کھانا حلال نہ ہوگا، بصورتِ دیگر حلال ہوگا، البتہ مکمل حلال ہونے کی تحقیق کے بغیر کھانے سے اجتناب کرنا بہتر ہے۔
تاہم جس ادارے نے حلال ہونے کی تصدیق کی ہے، اگر وہ معتبر علماء کرام کی زیرِ نگرانی کام کر رہا ہے، تو ان کی بات پر اعتماد کر کے اس کو حلال قرار دیا جائے گا، بصورتِ دیگر اجتناب بہتر ہے۔
قرآن کریم میں ہے:
"قُل لَّا أَجِدُ فِي مَا أُوحِيَ إِلَيَّ مُحَرَّمًا عَلَىٰ طَاعِمٍ يَطْعَمُهُ إِلَّا أَن يَكُونَ مَيْتَةً أَوْ دَمًا مَّسْفُوحًا أَوْ لَحْمَ خِنزِيرٍ فَإِنَّهُ رِجْسٌ أَوْ فِسْقًا أُهِلَّ لِغَيْرِ اللَّهِ بِهِ فَمَنِ اضْطُرَّ غَيْرَ بَاغٍ وَلَا عَادٍ فَإِنَّ رَبَّكَ غَفُورٌ رَّحِيمٌ." ﴿الأنعام: ١٤٥﴾."
فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

