سوکر اٹھنے کے بعد آنکھوں میں موجود میل پاک ہوتی ہے
سوال
صبح اٹھنے کے بعد جو آنکھوں میں میل سی (گڈ) ہوئی ہوتی ہے کیا وہ پاک ہے؟ اور کیا اس کا وضو میں دھونا ضروری ہے ؟ برائے مہربانی راہنمائی کر دیں۔
جواب
عموماًجو آنکھوں میں میل سی (گڈ) ہوتی ہے ،آنسو سے بنتی ہے،وہ پاک ہوتی ہے،البتہ اگر وضو کرتے وقت آنکھوں کے کنارے پر جمی ہوئی یہ میل آنکھوں کو نرمی سے بند کرنے پر آنکھوں سے باہر نظر آئےتو اس کوصاف کرنا واجب ہے ،تا کہ پانی اس جگہ پہنچ جائے صرف اوپر سے پانی بہانا کافی نہیں،اوراگر وہ میل جو نرمی سے آنکھ بند کرنے پر آنکھ کے باہر نظر نہ آئےتواس کو صاف کرنا ضروری نہیں،البتہ اگر آنکھ میں کوئی پھنسی وغیرہ ہو اور اس سے پانی نکلتا ہو تو اس سے وضو ٹوٹ جاتا ہے، اس لئے کہ یہ ناپاک ہے۔
فتاویٰ شامی میں ہے:
"وفي البحر لو رمدت عينه فرمصت يجب إيصال الماء تحت الرمص إن بقي خارجا بتغميض العين وإلا فلا ".
( رد المحتار ،كتاب الطهارة ،اركان الوضؤ،1/97 ط:سعيد)
الفتاویٰ الهندیة میں ہے:
"ولو رمدت عینه فرمصت یجب ایصال الماء تحت الرمص ان بقی خارجاً بتغمیض العین والا فلا کذا فی الزاهدی".
(الفتاویٰ الهندیة،كتاب الطهارة ،(1/4) ط:دارالفكر )
فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

