فرض نماز کی تیسری یا چوتھی رکعت میں سورت ملانے کی صورت میں سجدہ سہو لازم ہوگا یا نہیں؟
سوال
فرض کی تیسری یا چوتھی رکعت میں اگر سورت پڑھ لی تو سجدہ سہو کرنا پڑے گا یا نہیں ؟
جواب
فرض کی تیسری اور چوتھی رکعت میں صرف سورۃ فاتحہ پر اکتفا کرنا مسنون ہے، بہتر یہ ہے کہ سورت نہ ملائی جائے، لیکن اگر کوئی بھولے سے سورت بھی پڑھ لیتا ہے تو اس سے سجدہ سہو واجب نہ ہو گا۔
فتاوی شامی میں ہے:
"(واكتفى) المفترض (فيما بعد الأوليين بالفاتحة) فإنها سنة على الظاهر، ولو زاد لا بأس به.
(قوله: ولو زاد لا بأس) أي لو ضم إليها سورةً لا بأس به؛ لأنّ القراءة في الأخريين مشروعة من غير تقدير".
(رد المحتار، كتاب الصلاة، باب صفة الصلاة، ج:1 / ص:511، ط: سعید)
فتاوی عالمگیری میں ہے:
"ولو قرأ في الأخريين الفاتحة والسورة لايلزمه السهو، وهو الأصح".
(الفتاوى الهندية ،كتاب الصلاة، الباب الثاني عشر في سجود السهو، ج:1 / ص: 126،ط: رشیدية)
فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

