بھائی اور بہنوں کو اولاد کی موجودگی میں حصہ نہیں ملتا ہے
سوال
میری اہلیہ کا انتقال ہو گیا ہے ،ورثاء میں میں (شوہر )،ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے ،مرحومہ کے تین بھائی اور چار بہنیں ہیں ،نیز یہ بھی بتائیں کہ مرحومہ کے بہن اور بھائیوں کا حصہ بنتا ہے یا نہیں ؟
جواب
صورت مسئولہ میں مرحومہ کے ترکہ کی تقسیم کا شرعی طریقہ یہ ہےکہ مرحومہ کے حقوق متقدمہ یعنی اگر مرحومہ کے ذمہ کوئی قرض ہو تو اسے ادا کرنے کے بعد اور اگر مرحومہ نے کوئی جائز وصیت کی ہو تو باقی مال کے ایک تہائی حصہ میں اسے نافذکرنے کے بعد باقی کل ترکہ منقولہ وغیر منقولہ کے4 حصے کر کے ایک حصہ شوہر (سائل)کو ،دو حصے بیٹے کو اور ایک حصہ بیٹی کو ملے گا ،نیز اولاد کی موجود گی میں بہن اور بھائیوں کا کوئی حق و حصہ نہیں ہے ۔
صورت تقسیم یہ ہے:
میت بیوی 4
| شوہر | بیٹا | بیٹی |
| 1 | 2 | 1 |
یعنی 100 فیصد میں سے شوہر کو 25 فیصد ،بیٹے کو 50 فیصد اور بیٹی کو 25 فیصد ملے گا ۔
فقط وللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

