بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

1 جُمادى الأولى 1448ھ 13 اکتوبر 2026 ء

دارالافتاء

 

حج تمتع میں معمولی بال کاٹنے کے بعد حج کا احرام باندھ لینا

سوال

حج تمتع  میں عمرہ کرنے کے بعد بال تھوڑے سے کاٹ کر احرام کھول دیا تو دم واجب ہے کہ نہیں اور اب دوبارہ سے حج کا احرام باندھنا ہے تو کیا بال کاٹنا ضروری ہے؟

جواب

  صورتِ  مسئولہ میں اگر  حج تمتع كا احرام باندھنے والے   کے بال ایک پور سے چھوٹے تھے تو اس صورت میں  اس کے لیے عمرہ کی سعی سے فراغت کے بعد حلق کرانا ضروری تھا،  اور اگر ایک پور سے بڑے بال تھے تو اس صورت میں  کم از کم  سر کے ایک چوتھائی حصے سے ایک پور کی مقدار بال چھوٹے کرنا ضروری تھا، بہر صورت اگر  مذکورہ شخص نے  اتنی مقدار بال بال نہ کٹوائے ہوں  جو احرام سے نکلنے کے لیے ضروری تھے اور اس کے بعد   احرام کے ممنوعات میں سے کسی کا ارتکاب کیا (مثلًا کامل عضو پر خوشبو لگائی، یا بارہ گھنٹے یا اس سے زیادہ سلے ہوئے کپڑے پہن لیے) یا حج کا احرام باندھ لیا تو اس پر ایک دم لازم ہوگا، دم کی ادائیگی کے بعد پھر حج سے فراغت کے بعد بال کٹوانا لازم ہوگا۔

الفتاوى الهندية (1 / 254):

" وَلَوْ أَحْرَمَ بِالْعُمْرَةِ ثُمَّ بِالْحَجِّ وَلَمْ يَأْتِ بِشَيْءٍ مِنْ أَفْعَالِ الْعُمْرَةِ فَإِنَّهُ يَرْفُضُ الْعُمْرَةَ اتِّفَاقًا هَكَذَا فِي الْكَافِي فَإِنْ طَافَ لِعُمْرَتِهِ أَرْبَعَةَ أَشْوَاطٍ ثُمَّ أَحْرَمَ بِالْحَجِّ رَفَضَ الْحَجَّ بِلَا خِلَافٍ وَعَلَيْهِ دَمُ الرَّفْضِ أَيَّهُمَا رَفَضَهُ إلَّا أَنَّ فِي رَفْضِ الْعُمْرَةِ قَضَاءَهَا وَفِي رَفْضِ الْحَجِّ قَضَاءَهُ وَعُمْرَةً، وَإِنْ مَضَى عَلَيْهِمَا أَجْزَأَهُ وَعَلَيْهِ دَمٌ لِجَمْعِهِ بَيْنَهُمَا، كَذَا فِي الْهِدَايَةِ" .

وفيه ايضا (1 / 254):

" وَمَنْ فَرَغَ مِنْ عُمْرَتِهِ إلَّا التَّقْصِيرَ فَأَحْرَمَ بِأُخْرَى فَعَلَيْهِ دَمٌ لِإِحْرَامِهِ قَبْلَ الْوَقْتِ وَهُوَ دَمُ جَبْرٍ وَكَفَّارَةٍ، كَذَا فِي الْهِدَايَةِ"

فقط واللہ اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144212200681
تاریخ18-07-2021

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں