قربانی کا جانور ذبح کرنے کے بعد گوشت کا وزن کرکے قیمت ادا کرنا
سوال
ایک آدمی نے قربانی کا بکرا وزن یعنی کلو کے حساب سےخریدا، اس طورپر کہ وہ جانورکو ذبح کرنے کے بعد اس کے گوشت وغیرہ کو تول کر گوشت کے وزن کے حساب سے قیمت ادا کرےگا۔ یعنی قصاب کی طرح گوشت کاٹ کر اس کی قیمت لگانا چاہتا ہے۔ کیا یہ صورت جائز ہے؟ عباراتِ کتبِ فقہیہ سے جواب عنایت فرمائیں !
جواب
قربانی کا جانور اس شرط پر خریدنا کہ قربانی کے بعد جتنا گوشت نکلے گا اس کا وزن کرکے رقم ادا کی جائے گی یہ صورت جائز نہیں ہے؛ کیوں کہ اس صورت میں خریداری کے وقت جانور کی قیمت حتمی طور پر مقرر نہیں ہے، جس کی وجہ سے جھگڑے اور فساد کا اندیشہ ہے، لہذا خریداری کے وقت ایک قیمت متعین کرکے جانور خریدا جائے۔
بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع (5 / 158، 159):
"و جهالة الثمن تمنع صحة البيع ... لأنّ المانع من الصحة جهالة الثمن؛ لكونها مفضيةً إلى المنازعة."
فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

