چمچ موجود ہونے کے باوجود ہاتھ سے کھانے کا حکم
سوال
کیا کھانا ہاتھ سے کھانا ضروری ہے جب کہ چمچ بھی دست یاب ہو؟
جواب
کھانا کھانے کے آداب میں سے ہے کہ انسان بغیر کسی واسطہ کے اپنے داہنے ہاتھ سے کھائے، یہی رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتِ عادیہ ہے، البتہ چمچ سے کھانا بھی جائز ہے، شرعاً اس کی ممانعت نہیں، تاہم طبی لحاظ سے چمچہ کے بغیر اپنے ہاتھ سے کھانا کھانے کے ہضم ہونے کے لیے زیادہ مفید ہے، نیز چمچہ سے کھانے کو ناجائز قرار دینا یا خلافِ سنت قرار دینا بھی درست نہیں۔
اگر کسی جگہ چمچے / کانٹے وغیرہ سے کھانے کو بڑائی اور تکبر کی وجہ سے اختیار کیا جائے تو ایسی جگہ براہِ راست ہاتھ سے کھانا بہتر ہے۔ لیکن ایسی بات نہ ہو تو چمچے سے کھانے میں کوئی حرج نہیں۔ اور اگر غذا ایسی ہے کہ چمچے کے بغیر (یعنی براہِ راست ہاتھ سے) کھانے میں حرج و تکلیف ہو تو براہِ راست ہاتھ سے کھانے کے تکلف کی ضرورت نہیں ہے، ایسے موقع پر چمچے سے کھالینا چاہیے۔ فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

