بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 جُمادى الأولى 1448ھ 23 اکتوبر 2026 ء

دارالافتاء

 

نبی کریم ﷺ کی اولاد کے نام

سوال

نبی کریم ﷺ  کی اولاد کے نام بتا دیں!

جواب

آپ ﷺ کی اولاد سے متعلق  راجح قول یہ ہے کہ  آپ ﷺ کے صاحبزادے  تین تھے، اور چار صاحبزادیاں تھیں۔

صاحب زادے :  (1) قاسم۔ (2) عبداللہ، جن کو طیب اور طاہر کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے۔ (3)ابراہیم۔ رضوان اللہ علہم اجمعین ۔

صاحب زادیاں :  (1) زینب (2) رقیہ (3) ام کلثوم (4) فاطمۃ الزہراء ۔ رضوان اللہ علیہن اجمعین۔

صاحب زادوں میں حضرت ابراہیم رضی اللہ عنہ آپ ﷺ  کی ’’ام ولد‘‘  ماریہ قبطیہ کے بطن سے پیدا ہوئے جو بچپن ہی میں انتقال کرگئے، اور اس کے علاوہ باقی تمام صاحب زادے اور صاحبزدایاں  حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے بطن سے پیدا ہوئیں۔

حضرت  خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے بطن سے جس قدر لڑکے پیدا ہوئے وہ سب بچپن ہی میں داغِ مفارقت دے گئے،  اس لیے ان کی تعداد میں اختلاف ہے،  راجح قول ماقبل میں ذکر ہوا،  بعض حضرات کہتے ہیں کہ طیب اور طاہر آپ ﷺ کے دو صاحبزادے تھے، جو حضرت قاسم اور عبد اللہ کے علاوہ تھے، اس قول کی بنا پر حضرت خدیجہ ؓ کے بطن سے لڑکوں اور لڑکیوں کی تعداد برابر ہوجاتی ہے، بعض کہتے ہیں کہ حضرت خدیجۃؓ کے بطن سے چھ صاحبزادے ہوئے، باقی دو کا نام مطیب اور مطہر تھا۔(زرقانی 3/193 بحوالہ سیرت مصطفی 3/337 ) فقط واللہ اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144210200895
تاریخ31-05-2021

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں