پب جی کے لیول ہاٹ سپرنگ میں اللہ کا نام
سوال
پب جی میں ایک لیول "ہاٹ سپرنگ " میں اللہ کا نام ہے یا نہیں؟ اس بارے میں رہنمائی فرمائیں!
جواب
پب جی گیم کھیلنے کا شرعی حکم یہ ہے کہ یہ گیم متعدد غیر شرعی امور پر مبنی ہے؛ لہذا یہ گیم کھیلنا جائز نہیں ہے۔ اور جب یہ گیم کھیلنا جائز نہیں ہے تو اس کے کون سے لیول میں کیا ہے، یہ جاننے کے لیے بھی اسے کھیلنا جائز نہیں ہے، اور اس غرض سے اسے دیکھنا بھی کسی کے لیے روا نہیں ہے؛ لہٰذا پب جی گیم کے مذکورہ لیول میں اللہ کا نام ہے یا نہیں، اس بارے میں ہمیں علم نہیں ہے۔ اور اب تک پب جی گیم یا اس کے علاوہ دیگر گیمز کے مفاسد کے بیان پر مشتمل جتنے بھی فتاویٰ جاری کیے گئے ہیں، وہ سائلین کی طرف سے وضاحت، اور ان کے متواتر بیان کی روشنی میں جاری کیے گئے ہیں، اور مفتی کی ذمہ داری یہی ہے کہ جیسا سوال کیا جاتا ہے وہ اسی کے مطابق جواب دیتا ہے۔ فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

