رمضان المبارک میں دن کے اوقات غیر روزہ دار کو کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنا
سوال
دکاندار کارمضان میں غیرروزہ دار پر کھانے پینے کی اشیاء بیچنے کا حکم کیا ہے ؟
جواب
جو مکلف شخص رمضان المبارک میں بلا عذر روزہ ترک کردےوہ سخت گناہ گار ہے، ایسے شخص کو روزہ کے اوقات میں تیار حالت میں کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنا گناہ کے کام پر تعاون ہے جوکہ ناجائز اور حرام ہے، رمضان المبارک کے احترام کی وجہ سے بھی ضروری ہے کہ رمضان المبارک میں دن کے اوقات میں کھانے پینے کی دکانیں ، ریسٹورنٹ وغیرہ بند رکھے جائیں۔
ارشاد باری تعالی ہے:
﴿ وَلَاتَعَاوَنُوْا عَلَى الْإِثْمِ وَالْعُدْوَانِ وَاتَّقُوا اللَّهَ إِنَّ اللَّهَ شَدِيدُ الْعِقَابِ ﴾ [المائدة: 2]
ترجمہ: اور گناہ اور زیادتی میں ایک دوسرے کی اعانت مت کرو ، اور اللہ تعالیٰ سے ڈرا کرو ، بلاشبہ اللہ تعالیٰ سخت سزا دینے والے ہیں۔ (از بیان القرآن)
فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

