بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 جُمادى الأولى 1448ھ 23 اکتوبر 2026 ء

دارالافتاء

 

اچھا رشتہ آنے کے لئے وظیفہ

سوال

میری بیٹی کی تعلیم مکمل ہونے والی ہے،  مگر ابھی تک کوئی رشتے کی امید نہیں ہے، براہِ مہربانی نیک صالح دیندار اور عزت دار مخلص شریکِ حیات مل جائے اور بیٹی خیر وعافیت سے اپنے گھر میں ہمیشہ خوش رہیں، کوئی  دعا بتادیں ۔

جواب

رشتے کے سلسلے میں دین داری اور اخلاق کو ترجیح دینی چاہیے، دنیاوی اعتبار سے طرزِ زندگی کی بہتری کے ساتھ دینی ترقی اور اعمال پر استقامت اور آسانی جس رشتے میں ہو اس کی دعا کرنی چاہیے، اور دین اور اخلاق کے لحاظ سے اچھا رشتہ آجائے تو اسے قبول کرلینا چاہیے۔

بہرحال  پنج وقتہ نماز کے اہتمام ، اورفرض نمازوں کے بعد اور تہجد میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرنے کے ساتھ ساتھ درج ذیل وظائف میں سے کوئی بھی پڑھ سکتے ہیں:

1- نمازِعشاء کے بعد اول وآخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف اوردرمیان میں گیارہ سومرتبہ ’’یاَلَطِیْفُ‘‘ پڑھ کراللہ تعالیٰ دعاکریں۔

(آپ کے مسائل اور ان کا حل، ج:4، ص:251، ط:مکتبہ لدھیانوی)

2- { رَبِّ إِنِّي لِمَاأَنزَلْتَ إِلَيَّ مِنْ خَيْرٍ فَقِيرٌ} کا کثرت سے ورد کریں۔

3- نمازِ عشاء کے بعد اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف اور درمیان میں 41 مرتبہ درج ذیل کلمات پڑھ کر دعا کیجیے:

"وَمَنْ یَّـتَّقِ اللهَ یَجْعَلْ لَّه‘ مَخْرَجًا وًَیَرْزُقْهُ مِنْ حَیْثُ لَایَحْتَسِبْ وَمَنْ یَّـتَوَکَّلْ عَلَی اللهِ فَهُوَ حَسْبُه"

4- صبح و شام ایک ایک مرتبہ سورہ واقعہ اور سورہ طارق روزانہ اس مقصد کے لیے پڑھنا بھی مجرب ہے۔

فقط واللہ اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144208201068
تاریخ04-04-2021

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں