سجدہ سہو کرنا بھول گیا تو کیا حکم ہے؟
سوال
نماز میں التحیات میں یاد آیا کہ ایک رکعت رہ گئی ہے، میں نے کھڑے ہوکر ادا کرلی اور پھر سے التحیات کی۔ کیا یہ طریقہ کار صحیح تھا، یا نماز دوبارہ پڑھنی پڑے گی؟
جواب
صورتِ مسئولہ میں التحیات میں جب آپ کو یاد آیا کہ ایک رکعت رہ گئی ہے اور آپ نے کھڑے ہوکر رکعت پڑھ لی تو درست کیا، لیکن مذکورہ صورت میں آپ پر نماز کے آخر میں سجدۂ سہو لازم تھا، لہٰذا اگر آپ نے چھوٹی ہوئی رکعت پڑھنے کے بعد آخر میں سجدۂ سہو کیا ہو تو پھر آپ کی نماز درست ہوگئی، اور اگر سجدہ سہو نہ کیا ہو تو اسی نماز کے وقت میں دہرانا واجب تھا، وقت گزرنے کے بعد اعادہ واجب نہیں ہے۔
حاشية الطحطاوي على مراقي الفلاح شرح نور الإيضاح (ص: 440):
"كل صلاة أديت مع كراهة التحريم تعاد أي وجوباً في الوقت، وأما بعده فندب ".
فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

