اچھے رشتے اور بہتر مستقبل کے لیے وظائف
سوال
مجھے اچھے نصیب اور نیک رشتے کے ساتھ ساتھ کامیاب مستقبل کے لیے کوئی وظیفہ بتا دیجیے!
جواب
اچھے رشتے کے لیے نمازِعشاء کے بعد اول وآخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف اور درمیان میں گیارہ سو مرتبہ ’’یاَلَطِیْفُ‘‘ پڑھ کراللہ تعالیٰ کے حضور دعا کریں، اچھا رشتہ نصیب ہو گا ان شاء اللہ۔
(آپ کے مسائل اور ان کا حل4/251،مکتبہ لدھیانوی)
اس کے علاوہ مشکلات اور پریشانیوں سے بچاؤ اور نجات کے لیے مندرجہ ذیل تسبیح صبح اورشام سات سات مرتبہ پڑھیں:
’’حَسْبِىَ اللَّهُ لاَ إِلَهَ إِلاَّ هُوَ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ وَهُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ‘‘.
حدیث شریف میں ہے جو آدمی صبح اور شام سات سات مرتبہ یہ دعا پڑھے گا اللہ تعالیٰ اس کی تمام مشکلات کو حل فرمائیں گے۔ (سنن ابی داود)
نیز رزق کی وسعت، برکت اور ترقی کے لیے درج ذیل اوراد میں سے کسی ایک کا معمول بنالیجیے:
(1) فجر کی نماز کے بعد ستر مرتبہ پابندی سے یہ آیت پڑھا کریں، ان شاءاللہ رزق کی تنگی سے محفوظ رہیں گے:
اَللَّهُ لَطِيفٌ بِعِبَادِهِ يَرْزُقُ مَن يَشَاء وَهُوَ الْقَوِيُّ العَزِيزُ [ الشوری: ۱۹]
(2) ہر نماز کے بعد سات مرتبہ اور چلتے پھرتے درج ذیل دعا کا اہتمام کریں:
"اَللّٰهُمَّ اكْفِنِيْ بِحَلاَلِكَ عَنْ حَرَامِكَ وَ أَغْنِنِيْ بِفَضْلِكَ عَنْ مَنْ سِوَاكَ".
فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

