کراچی کے رہائشی پائلٹس کراچی ایئرپورٹ پر قصر نہیں کریں گے
سوال
گھر سے جائے ملازمت 50 کلو میٹر ہو تو کیا نماز قصر ہوگی؟ بحوالہ فتوی نمبر 144201200665
سوال: میں ایک پائلٹ ہوں، میرا گھر ایئرپورٹ سے تقریباً 50 کلومیٹر دور ہے، ہمیں اکثر وہاں نماز ادا کرنا ہوتی ہے، اگر میں کراچی سے لاہور جا رہا ہوں تو ایئرپورٹ پر ہم میں سے کچھ لوگ وہاں نمازِقصر ادا کرتے ہیں، مگر اکثریت ایک ہی شہر کی حدود ہونے کی وجہ سے مکمل ادا کرتے ہیں۔ آپ سے اس مسئلہ میں رہنمائی درکار ہے!
جواب
جس شہر میں ایئرپورٹ واقع ہو، اس شہر کے رہائشی پائلٹس جب تک فلائی نہ کرجائیں، مقیم ہی شمار ہوتے ہیں، لہذا صورتِ مسئولہ میں کراچی کے رہائشی پائلٹس پر کراچی ایئرپورٹ میں مکمل نماز ادا کرنا لازم ہوگا، نماز میں قصر جائز نہ ہوگی۔ البتہ اگر پائلٹ کا گھر کراچی سے باہر ہو، اور وہ لاہور کے سفر کے ارادے سے اپنے علاقے (قصبے) سے نکل کر پچاس کلو میٹر کا فاصلہ طے کرکے کراچی ایئرپورٹ پہنچے تو چوں کہ وہ اپنے علاقے کی آبادی سے نکل چکا ہے تو وہ مسافر شمار ہوگا، اس کے لیے کراچی ایئرپورٹ پر نماز قصر کرنے کا حکم ہوگا۔ فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

