امام کے ساتھ ایک یا دو رکعت فوت ہوجائیں تو ان میں کیا پڑھے؟
سوال
اگر کسی سے فرض نماز کی ایک یادو رکعت فوت ہوجائیں تو امام کے سلام پھیرنے کے بعد فوت شدہ رکعتوں میں کیا پڑھنا چاہیے؟
جواب
امام کے ساتھ پہلی رکعت یا دونوں رکعتیں جن میں قراءت ہوتی ہے پڑھنے سے رہ جائیں تو امام کے سلام کے بعد وہی دو رکعت ادا کی جائیں گی، یعنی امام کے سلام پھیرنے کے بعد پہلے ثناء، پھرتعوذ و تسمیہ پڑھ کر سورۂ فاتحہ، فاتحہ کے بعد کوئی سورت یا ایک بڑی آیت یا تین مختصر آیات پڑھ کر رکوع کرے، پھر دوسری رکعت میں (اگر دو رکعتیں رہ گئی ہوں) بسم اللہ پڑھ کر سورہ فاتحہ، اور فاتحہ کے بعد کوئی سورت پڑھ کر رکوع کرے، اور دوسری رکعت کے بعد قعدہ کرکے (اس میں تشہد اور درود شریف اور دعا پڑھ کر) سلام پھیر دے۔ فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

