83000 پر زکوۃ
سوال
میرے اکاؤنٹ میں 83 ہزار روپے کی رقم ہے، کیا اس پر زکوۃ فرض ہوگی یا نہیں؟ مجھے اس کا جواب آسان اور سمجھ آنے والا بتادیں!
جواب
مذکورہ رقم اگر آپ کی ذاتی ہے، اس میں کسی کا حق(قرضہ یا کوئی اور ادائیگی) آپ کے ذمہ نہیں اور آپ کے صاحبِ نصاب ہونے پر سال پورا ہوچکا ہو تو اس رقم پر زکوۃ واجب ہوگی، زکوۃ کی واجب مقدار معلوم کرنے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ کل مالیت کو چالیس سے تقسیم کردیا جائے، حاصل جواب زکاۃ کی واجب مقدار ہوگی، 83000 روپے پر 2075 روپے زکوۃ ہے۔
صاحبِ نصاب ہونے کا مطلب یہ ہے کہ جس وقت آپ کے پاس بنیادی ضرورت سے زائد اتنی رقم آئی تھی جس کی مالیت ساڑھے باون تولہ چاندی کے برابر ہو، اس وقت سے آپ صاحبِ نصاب بن گئے، اس دن سے ٹھیک ایک سال بعد (قمری تاریخ کے اعتبار سے) زکاۃ کا سال مکمل شمار ہوگا۔ فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

