سونے کی زکاة کا حساب کس طرح کریں؟
سوال
رمضان سال 2020 میں فی تولہ سونے کا کیا نصاب ہوگا زکاۃ کے لیے؟ پچھلے سال 1200 روپے فی تولہ کے حساب سے زکاۃ ادا کی تھی اس سال کس حساب سے ادا ہوگی؟
جواب
واضح رہے کہ پاکستان میں آج بتاریخ 28 مئی 2020 سونے کی قیمت 24k کے حساب سے فی تولہ Rs. 102,788، اور 22k کے حساب سے فی تولہ Rs. 94,222 ہے۔ جب کہ چاندی 1054 روپے فی تولہ ہے۔
پس صورتِ مسئولہ میں اگر سائلہ کے پاس صرف سونا ہو، اور اس کے ساتھ چاندی یا کچھ بھی نقدی نہ ہو تو اگر سونا ساڑھے سات تولہ یا اس سے زیادہ ہو تو سونے کی کل مالیت کا ڈھائی فیصد بطور زکاۃ ادا کرنا لازم ہوگا، اور اگر ساڑھے سات تولہ سے کم ہو، اور ساتھ میں چاندی یا کچھ نقدی نہ ہو تو ایسی صورت میں سونے کی زکاۃ واجب نہ ہوگی، البتہ اگر سونے کے ساتھ چاندی یا کچھ نقدی ہو تو سونے کی کل مالیت کے ساتھ چاندی کی مالیت و موجود نقدی کو ملا کر کل کا ڈھائی فیصد بطور زکاۃ ادا کرنا لازم ہوگا۔فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

