روزہ میں کپڑے کے ساتھ بیوی سے ہم بستری کرنے سے انزال ہونے کی صورت میں کیا حکم ہے؟
سوال
روزہ میں بیوی سے ہم بستری ہوگئی لیکن کپڑے نہیں اتارے اور انزال ہوگیا، احکامات سے آگاہ فرمائیں ساٹھ روزے نہیں رکھ سکتا ہوں؟
جواب
صورتِ مسئولہ میں روزے میں بیوی سے ہم بستری سے مراد یہ ہو کہ کپڑے اتارے بغیر محض کپڑے کے اوپر سے بیوی سے ملاعبت کی، دخول نہیں کیا اور اس سے انزال ہوگیا ہے (جیساکہ سوال کے انداز سے معلوم ہورہا ہے، تو اس کا حکم یہ ہے کہ) روزے کی حالت میں ایسا کرنا جائز نہیں تھا، اس سے روزہ فاسد ہوجائے گا، توبہ و استغفار کریں، اور ایک روزے کی قضا کریں۔ کفارہ لازم نہیں ہوگا۔ اگر بیوی کو انزال نہیں ہوا تو اس کا روزہ فاسد نہیں ہوا۔ فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

