دو سالوں کی زکاۃ ایک ساتھ
سوال
اگر پچھلے سال زکاۃ واجب ہوگئی تھی اور نہیں دی تو اگلے سال دو سالوں کی زکاۃ کس طرح دے؟
جواب
نقدی، سونا چاندی، مالِ تجارت وغیرہ کی قیمت ملا کر جو مجموعی رقم بنے اس کا چالیسواں حصہ (ڈھائی فیصد ) ایک سال کی زکاۃ میں ادا کریں، اسی طرح دوسرے سال کا حساب لگا لیں، البتہ دوسرے سال کی زکاۃ کا حساب لگاتے ہوئے کل مالیت میں سے پہلے سال واجب ہونے والی زکاۃ کی رقم منہا کر کے چالیسواں حصہ ( ڈھائی فیصد) نکالیں، کیوں کہ یہ ذمہ میں واجب الادا قرضہ ہے۔
مثلاً: ایک لاکھ روپے کی زکاۃ نکالنی ہے تو پہلے سال کی زکاۃ 2500 روپے بنے گی، اسے منہا کرکے دوسرے سال کی زکاۃ 97500 روپے میں سے ادا کی جائے گی، یعنی دوسرے سال کی زکاۃ 2437.5 روپے ہوگی، ایک لاکھ روپے میں دونوں سالوں کی زکاۃ 4937.5 روپے ہوگی۔ فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

