تراویح میں دیکھ کر قرآن سننا اور غلطی آنے پر امام کو لقمہ دینا
سوال
کیا تراویح دیکھ کر سننا ٹھیک ہے اگر سامع نہ مل رہا ہو؟ اور قاری کو نمازکے باہر سے لقمہ دینے سے قاری کی نماز تو نہیں ٹوٹتی؟
جواب
نماز کے دوران قرآنِ مجید دیکھ کر پڑھنے یا دیکھ کر سننے سے نماز فاسد ہوجاتی ہے، نیز جو آدمی امام کے پیچھے اقتدا کی نیت کرکے نماز میں شریک نہ ہو اس کے لیے غلطی بتانا اور لقمہ دینا درست نہیں ہے، اگر لقمہ دیا اور امام نے لقمہ لے لیا تو سب کی نماز فاسد ہوجائے گی۔
لہذا تراویح میں سامع نہ ہونے کی وجہ سے کوئی شخص قرآن کھول کر سماعت کرے اور غلطی آنے پر امام کو لقمہ دے اور امام اس کا لقمہ لے لے تو امام اور اس کی اقتدا میں نماز پڑھنے والے سب مقتدیوں کی نماز فاسد ہوجائے گی۔(فتاوی شامی 1/622،623۔ فتاوی ہندیہ 1/99۔) فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

