معدہ کی بیماری کی وجہ سے روزہ کا فدیہ دینا
سوال
ایک عورت جو معدہ کی مریض ہیں اور معدہ میں سوراخ ہے۔معدہ کو خالی رکھنا انتہائی تکلیف دیتا ہے، اتنا تکلیف کا باعث بنتا ہے کہ چلنا پھرنا اور کوئی کام کرنا ناممکن ہو جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سردی ہو یا گرمی دونوں موسموں میں معدہ خالی رکھا ہی نہیں جا سکتا، کیا یہ عورت رمضان المبارک کے روزوں کا فدیہ دے سکتی ہے؟
جواب
صورتِ مسئولہ میں اگر یہ دائمی مرض ہے اور ماہر دین دار ڈاکٹر اس سے صحت یابی نہ ہونے کا غالب اندیشہ ظاہر کرچکے ہوں تو مذکورہ عورت اپنے ذمہ روزوں کا فدیہ دے سکتی ہے۔
فدیے کی مقدار ایک روزے کے بدلے ایک صدقہ فطر ہے۔ یعنی پونے دو کلو گندم یا اس کی قیمت کسی مستحقِ زکاۃ کو دے دے۔ اگر فدیہ ادا کرنے کے بعد روزے رکھنے پر قدرت حاصل ہوگئی تو روزوں کی قضا کرنی ہوگی، اور دیے گئے فدیے پر صدقے کا ثواب ہوگا۔ فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

