بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

12 جُمادى الأولى 1448ھ 24 اکتوبر 2026 ء

دارالافتاء

 

نماز توڑنے والی چیزیں / مفسداتِ نماز

سوال

نماز کن چیزوں سے ٹوٹتی ہے تفصیل کے ساتھ بتادیں۔

جواب

جن چیزوں سے نماز ٹوٹتی ہے ، اختصار کے ساتھ وہ درج ذیل ہیں:

1۔ بات کرنا اگرچہ بھول کر ہو یاغلطی سے ہو۔

2۔ ایسی دعا مانگنا جو لوگوں کی بات چیت کے مشابہ ہو۔

3۔ کسی کو سلام کرنا اگرچہ بھول کر ہو۔

4۔ سلام کازبان سے جواب دینا۔

5۔ عملِ کثیر یعنی کوئی ایسا کام کرنا جس کے کرنے والے کو دیکھنے والا یہ سمجھے کہ یہ نمازنہیں پڑھ رہاہے۔

6۔ سینہ کو قبلہ سے پھیر دینا۔

7۔ کسی چیز کا جو منہ سے باہر ہو کھانااگرچہ تھوڑی ہو۔

8۔ جو چیز دانتوں کے درمیان چنے کے برابر ہو اس کو کھالینا۔

9۔ پانی وغیرہ پینا۔

10۔ بلاضرورت کھنکارنا۔

11۔ اف تف،  آہ ،  اوہ کہنا۔

12۔ تکلیف اور درد کی وجہ سے آواز سے رونا۔

13۔ چھینکنے والے کے جواب میں یَرْحَمُکَ اللّٰہ کہنا۔

14۔ خدا کے شریک سے سوال کرنے والے کے جواب میں لَا إِلٰہَ إِلاَّ اللّٰہُ کہنا یا رنج کی بات سن کر إِنَّا لِلّٰہِ وَإِنَّا إِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ پڑھنا اور اچھی خبر سن کر اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ کہنا اور تعجب کی بات پر لاَ إِلٰہَ إِلاَّ اللّٰہُ یا سُبْحَانَ اللّٰہُ پڑھنا۔

15۔ کسی قرآن کی آیت کو خطاب اور جواب کی نیت سے پڑھنا۔

16۔ تیمم کرنے والے کا پانی پر قادر ہوجانا۔

17۔ موزوں پر مسح کرنے والے کی مدت کا ختم ہوجانا۔

18۔ موزوں کو نکال دینا اگرچہ فعلِ قلیل سے نکالاجائے۔

19۔ ان پڑھ کا ایک آیت یاد کرلینا۔

20۔ ننگے کوکپڑا مل جانا۔

21۔ اشارہ سے نماز پڑھنے والے کا رکوع سجدہ پر قادر ہوجانا۔

22۔ صاحب ترتیب کو قضانماز یاد آجانا۔

23۔ جو امامت کے قابل نہ ہو اس کو خلیفہ بنانا۔

24۔ نمازِ فجر میں سورج نکل آنا۔

25۔ عیدین کی نماز میں زوال ہوجانا۔

26۔ جمعہ کی نماز میں عصر کا وقت ہوجانا۔

27۔ پٹی کا زخم سے اچھا ہوکر گرجانا۔

28۔ معذور کے عذر کا جاتارہنا۔

29۔ قصدًا وضو توڑدینا یا کسی دوسرے کے فعل سے وضو ٹوٹ جانا، مثلا کسی نے کوئی چیز ماری اور خون نکل آیا۔

30۔ بے ہوش ہوجانا۔

31۔ پاگل ہوجانا۔

32۔ نہانے کی حاجت ہوجانا۔

33۔ رکوع سجدہ والی نماز میں کسی عورت کا ایک مکان میں بلاحائل کے مرد کے برابر کھڑا ہوجانا بشرطیکہ تحریمہ میں دونوں شریک ہوں اور ایک ہی نماز پڑھ رہے ہوں اور امام نے عورت کی امامت کی نیّت بھی کی ہو۔

34۔ اپنے امام کے علاوہ دوسرے شخص کو نماز میں غلطی بتانا۔

35۔ اللّٰہُ  أَکْبَرُ کے ہمزہ میں مدکرنا۔

36۔ قرآن شریف دیکھ کر نماز میں پڑھنا۔

37۔ ایک رکن کی مقدار سترکا کھل جانا۔

38۔ مقتدی کا امام سے پہلے کوئی رکن پورا کرلینا اور امام کے ساتھ بالکل شریک نہ ہونا۔(مستفاد از آئینہ نماز)۔فقط واللہ اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144108201469
تاریخ16-04-2020

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں