مسجد میں موجود ضرورت سے زائد قرآن مجید کے نسخے لوگوں کو دینے کا حکم
سوال
مسجد میں رکھے ہوئے قرآنِ کریم کے نسخوں کی تعداد اگر بہت زیادہ ہوجائے تو عوام الناس کو یہ قرآن دے سکتے ہیں ؟
جواب
کسی مسجد میں اگر قرآن پاک کے نسخے اتنے زیادہ جمع ہو جائیں کہ وہ پڑھنے میں ہی نہ آتے ہوں تو وہ نسخے کسی دوسری قریبی مسجد میں دیے جاسکتے ہیں، لیکن لوگوں کو بطورِ ملک قرآنِ کریم کے یہ نسخے دینا درست نہیں ہے ۔
کفایت المفتی میں ہے:
’’زائد قرآن مجیدوں کو دوسری مساجد یا مدرسوں میں پڑھنے کے لیے دے دیا جائے؛ کیوں کہ ان کے وقف کرنے والوں کی غرض یہی ہے کہ ان قرآن مجیدوں میں تلاوت کی جائے‘‘۔ (کتاب الوقف، ج:7، ص : 257) فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

