بیوی سے فون پر آپس کے تعلق کی باتیں کرکے اسے تسکین پہنچانا
سوال
بیوی کےساتھ فون پرایسےباتیں کرناجو دوسروں کےسامنےمناسب نہ ہو اورشوہر مسافر ہو تو اس کا کیاحکم ہے؟ اوربیوی کو شوہر کی باتوں سےسکون ملتاہواوربیوی چاہتی ہو!
جواب
صورتِ مسئولہ میں اگر ویڈیو کال نہ کی جائے اور آڈیو کال پر شوہر بیوی کی تسکین کی خاطر آپس کی باتیں کرتا ہے تو تنہائی میں (جب قریب کوئی شخص موجود نہ ہو ) ایسی باتیں کرنے کی گنجائش ہے۔
تاہم ٹیکلنالوجی کے اس دور میں نجی کالز اور ذاتی میسجز بھی ریکارڈ ہوتے ہیں، اور کمپنیوں کے کال سینٹرز اور آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ میں بعض اوقات اخلاقی لحاظ سے کم زور انسان تعینات ہوتے ہیں، اس لیے پیش بندی کے طور پر اگر فون پر ایسی باتیں نہ ہی ہوں تو زیادہ بہترہے۔ فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

