قاری کی قرآت کے دوران بآواز سبحان الله کہنا
سوال
قاری کی قراءتکے دوران بآواز سبحان الله، الحمد لله، الله أكبر کہہ کرچلانا کیسا ہے?
جواب
ذکر یا تلاوت کے وقت چلانا کسی بھی حال میں پسندیدہ نہیں ہے، ایسا کرنا قرآنِ کریم کے ادب کے خلاف ہے، اس سے بچنا لازم ہے۔البتہ کلماتِ ذکر اور قرآنِ مجید کے ادب کا پس رکھتے ہوئے آہستہ یا مناسب آواز میں کہہ کر داد دینے میں حرج نہیں۔
قرآن مجید میں ہے:
{وَإِذَا قُرِيَ الْقُرْاٰنُ فَاسْتَمِعُوْا لَهٗ وَانْصِتُوْا لَعَلَّكُمْ تُرْحَمُوْنَ}
یعنی جب قرآن پڑھا جائے تو اسے کان لگا کر سنو اور خاموش رہو کہ تم پر رحم ہو۔ (پارہ 9 سورہ الاعراف آیت 204)
فتاویٰ ہندیہ میں ہے:
"رفع الصوت عند سماع القرآن والوعظ مكروه، وما يفعله الذين يدعون الوجد والمحبة لا أصل له، ويمنع الصوفية من رفع الصوت وتخريق الثياب". ( 5 کتاب الکراھیۃ، باب الرابع فی الصلاۃ الخ صفحہ 319) فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

