وضو کیے بغیر غسل کرنے سے وضو ہوجانے کا حکم
سوال
کیا غسل کرنے سے وضو ہوجاتا ہے؟ بنا جنابت کے عادت سے اکثر لوگ ہر روز صبح غسل کرتے ہیں، کیا وضو بھی ہوجاتا ہے؟
جواب
سنت یہ ہے کہ غسل کرنے سے پہلے وضو کرلیا جائے، البتہ اگر کوئی وضو کیے بغیر غسل کرلے تو اس کا وضو بھی خود بہ خود ہوجائے گا، کیوں کہ وضو کے اندر جن اعضاء کا دھونا فرض ہے وہ غسل کے دوران دھولیے جاتے ہیں، اس لیے غسل کے بعد وضو کرنے کی ضرورت نہیں ہے، بلکہ نہیں کرنا چاہیے۔ فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن
فتویٰ نمبر
144105201102
تاریخ25-01-2020

