پچاس ہزار روپے پر سال گزرنے کی صورت میں زکاۃ لازم ہوگی یا نہیں؟
سوال
میرے پاس 50000 ہزار روپے ہیں، اس روپے پر ایک سال بھی مکمل ہوا ہے، کیا اس پر زکاۃ ہوتی ہے؟
جواب
زکاۃ کے واجب ہونے کا نصاب کم از کم ساڑھے باون تولہ چاندی یا اس کی قیمت ہے، آج کل (۲۵ جنوری ۲۰۲۰) چاندی کی قیمت پچپن ہزار بیس ( ۵۵۰۲۰ ) روپے بنتی ہے، اس اعتبار سے پچاس ہزار روپے پر زکاۃ لازم نہیں ہوگی۔
لیکن اگر جس وقت اس رقم پر سال پورا ہوا تھا اس وقت چاندی کی قیمت کم ہونے کی وجہ سے پچاس ہزار نصاب تک پہنچ رہا تھا یا اگر آپ کی ملکیت میں پچاس ہزار روپے کے علاوہ تھوڑا بہت سونا یا چاندی یا مالِ تجارت بھی ہو جن کی قیمت اس رقم کے ساتھ ملانے سے مجموعی رقم نصاب تک پہنچ جائے تو پھر اس رقم پر بھی زکاۃ لازم ہوگی۔ فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

